پولیس نے 217 ملزم گرفتار کرکے 33 دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا

گذری سے گینگ وار کارندہ گرفتار، پولیس نے مجموعی طور پر 104 چھاپوں اور 6 مقابلوں میں 216 ملزم گرفتارکرلیے


Staff Reporter February 16, 2014
رینجرز کا گلزار ہجری کا محاصرہ، مکان سے 5 ملزم حراست میں لے لیے، ملزمان پر شالیمار ایکسپریس دھماکے میں ملوث ہونے کا شبہ۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس و رینجرز نے ٹارگٹ آپریشن، چھاپہ مار کارروئیوں اور مقابلوں میں 222 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذری پولیس نے منشیات فروش منصور عرف ماما مشوری کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے2 کلو چرس اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے ایس ایچ او گذری کے مطابق ملزم کا تعلق گینگ وار سے ہے اور وہ قتل، اقدام قتل ، پولیس مقابلے ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم اور مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا، ملزم نے دوران تفتیش کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ایسٹ زون پولیس نے مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 54 ملزم گرفتار کرلیے ہیں۔

ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ کے مطابق ملزمان میں 3 مفرور بھی شامل ہیں ، ملزمان کے قبضے سے 14 پستول ، ایک رپیٹر اور درجنوں رائونڈ سمیت بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کی گئی ہے ، ملزمان کی نشاندہی پر ایک مسروقہ موٹر سائیکل اور متعدد موبائل فون بھی پولیس نے قبضے میں لیے،سندھ پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 104 چھاپہ مار کارروائیوں اور6 مقابلوں کے بعد 162ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ 2 ملزمان مارے گئے ، ملزمان کے قبضے سے 33 دستی بم ، ایک رپیٹر اور بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی، رینجرز نے گلزار ہجری کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی اس دوران شہریوں کی آمدورفت معطل رہی ، رینجرز نے ایک گھر کا محاصرہ کرکے 5 افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، ملزمان کے قبضے اور نشاندہی پر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے ،ملزمان کا تعلق قوم پرست جماعت سے ہے،شبہ ہے ملزمان گھگھر پھاٹک پر شالیمار ایکسپریس بم دھماکے میں ملوث ہیں۔