لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 جنوری 2022
واقعے میں ایک بچہ زخمی ہوا، فوٹو: فائل

واقعے میں ایک بچہ زخمی ہوا، فوٹو: فائل

 لاہور: پنجاب کے علاقے باغبانپورہ میں مکان کی چھت گرنے سے بچے سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور باغبانپورہ کے علاقے مومن پورہ میں گھر میں سوئے ہوئے خاندان پر مکان کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد ریسکیوحکام جائے وقوعہ پہنچے اور ملبے تلے دبنے والوں کو ریسکیو کر کے قریبی اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ٹی آر گاڈر کی چھت گرنے سے 4 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے، جن میں خواتین اور کمسن بچہ بھی شامل ہے جبکہ 1 بچہ زخمی ہے، جسے اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق مرنے والوں میں ایک ماہ ، ایک سال کا بچہ جبکہ چار سال کی بچی اور اُن کی ماں شامل ہے۔ آخری اطلاعات آنے تک جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری تھا۔

سی سی پی او لاہور فیاض احمد نے پولیس فورس کو امدادی کارروائیوں اور ریسکیو عملے کی مدد کرنے کی ہدایت اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا باغبانپورہ کے علاقے میں چھت گرنے کے واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے  جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔

عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ واقعہ میں زخمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ بھی طلب کی۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔