گمبٹ اسپتال جیسی سہولیات فراہم کر کے دکھائیں بلاول بھٹو کا پنجاب اور کے پی حکومت کو چیلنج

گمبٹ کا اسپتال ورلڈ لیڈنگ اسپتال بن چکا ہے، میں یہاں کے طبی عملے کو سلام پیش کرتا ہوں، بلاول بھٹو


ویب ڈیسک January 29, 2022
گمبٹ اسپتال میں کینسر کا 100 فیصد مفت علاج کیا جا رہا ہے، بلاول بھٹو

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کو چیلنج کیا ہے کہ وہ خیرپور کے گمبٹ اسپتال جیسی سہولیات فراہم کر کے دکھائیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے خیرپور کے گمبٹ اسپتال میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے ادارے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ریپڈ رسپانس سینٹر کو این آئی سی وی ڈی کی طرز پر بنائیں کیونکہ گمبٹ پورے پاکستان کے میڈیکل کا کیپٹل ہے، یہ ادارہ 100 فیصد مفت علاج کرتا ہے، کینسرکا بھی 100 فیصد مفت علاج کیا جا رہا ہے، گمبٹ آج سے پاکستان کا میڈیکل سینٹر ہے اور یہاں عالمی معیار کی سہولتیں موجود ہیں۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے یہاں تھیلیسیمیا کا بہت بڑا مسئلہ ہے اور پاکستان میں اس کا علاج مہنگا ہے، پہلے گمبٹ اسپتال میں گردوں اور جگر کا علاج ہوتا تھا اور یہ ادارہ 100 فیصد مفت علاج مہیا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں پنجاب اور کے پی کے حکومت گمبٹ جیسی صحت کی سہولیات فراہم کر کے دکھائیں، اس مشن کو مکمل کرنے کے لیے ہم نے بہت محنت کی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گمبٹ کا اسپتال ورلڈ لیڈنگ اسپتال بن چکا ہے، میں یہاں کے طبی عملے کو سلام پیش کرتا ہوں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے 550 کامیاب ٹرانسپلانٹ کرنے کی خوشی میں کیک کاٹا، طبی عملے اور ڈاکٹرز کو مبارک باد بھی پیش کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں