ہارٹ ڈیزیزز اسپتال میں سٹی انجیو مشین نصب سی سی یو میں15بستروں کا اضافہ

سی سی یو میں3نئے وینٹی لیٹرز، جدید موبائل ایکسرے یونٹ اور ڈائیلسس مشین نے بھی کام شروع کردیا


Staff Reporter September 12, 2012
اسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں15بستروںکی توسیعی کردی جس کے بعد سی سی یو میں بیک وقت35 مریضوں کو علاج کی سہولتیں مہیا کی جاسکیںگی۔ فوٹو : فائل

کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزز (کے آئی ایچ ڈی)اسپتال میں ملک میں پہلی بار سٹی انجیو مشین نصب کردی گئی۔

اسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں15بستروںکی توسیعی کردی جس کے بعد سی سی یو میں بیک وقت35 مریضوں کو علاج کی سہولتیں مہیا کی جاسکیںگی۔

توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب آج اسپتال میں ہوگی جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی شرکت متوقع ہے، اسپتال ذرائع کے مطابق اسپتال میں دل کے مریضوںکی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اسپتال کے سی سی یو میں بستروںکی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔

اس سے قبل اسپتال کے سی سی یو میں صرف20 بستر مختص تھے، تاہم اسپتال انتظامیہ نے 15بستروںکا اضافہ کردیا جبکہ ان مریضوںکی زندگی بچانے کیلیے2 کروڑ روپے مالیت سے3 وینٹی لیٹرز، ایک جدید موبائل ایکسرے یونٹ، ایک ڈائیلسس مشین بھی نصب کردی ہے تاکہ گردے کے مریض کو ہارٹ اٹیک ہونے کی صورت میں دل اور گردے کے علاج کی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔

دریں اثنا اسپتال ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزز اسپتال میں12کروڑ روپے مالیت کی پہلی سٹی انجیو مشین320 سلائس بھی نصب کردی گئی ہے جو آئندہ ماہ فعال کردی جائیگی، جدید ترین سٹی انجیو مشین کے ذریعے متاثرہ مریض دل کی مختلف بیماریوںکی فوری تشخیص کی جاسکے گی۔

یہ مشین ابھی تک کسی بھی سرکاری ونجی اسپتال میں نہیں لگائی گئی ہے، مشین سابق سٹی ناظم مصطفی کمال کی کوششوں سے وفاق کے ذریعے منگوائی گئی ہے۔