دبئی ٹینس سلون کی ہمت پہلے راؤنڈ میں جواب دے گئی

لوسیا سفارووا نے پچھاڑا،وینس ولیمز نے الینا ویسنینا کو ٹھکانے لگادیا، ایکٹرینا ماکارووا بھی کامیاب


Sports Desk February 18, 2014
دبئی ویمنز ٹینس، امریکی پلیئر سلون اسٹیفنز کا پہلے راؤنڈ میں لوسیا سفارووا کیخلاف ریٹرن شاٹ ۔ فوٹو : اے ایف پی

دبئی ویمنز ٹینس چیمپئن شپ میں امریکی پلیئر سلون اسٹیفنز کی ہمت پہلے ہی راؤنڈ میں جواب دے گئی۔

انھیں جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا نے پچھاڑ کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی،وینس ولیمز نے ابتدائی معرکے میںالینا ویسنینا کو ٹھکانے لگادیا،روس کی ایکٹرینا ماکارووا ابتدائی آزمائش میں سرخرو ہوکر ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز کے مقابل پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں پیر کو شروع ہونے والے ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں امریکی پلیئر سلون اسٹیفنز کو پہلے ہی راؤنڈ میں شکست ہوگئی، جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا نے 2013 کی آسٹریلین اوپن سیمی فائنلسٹ کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور7-5 سے ٹھکانے لگایا، آل رشین مقابلے میں ایکٹرینا ماکارووا نے الیسی کیلی بونوا کو 6-4،6-7(3/7) اور 6-4 سے قابو کرلیا، دوسرے راؤنڈ میں ایکٹرینا کا سامنا ٹاپ سیڈ اور ورلڈ نمبرون سرینا ولیمز سے ہوگا، جنھیں دیگر تین سیڈنگ پلیئرز کے ہمراہ پہلے راؤنڈ میں بائی ملی،اسپین کی کارلا سواریز نیوارو نے روسی حریف نادیا پیٹرووا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-2 سے شکست دے دی، وینس ولیمز نے روسی کھلاڑی الینا ویسنینا کو6-3 اور6-2 سے قابوکرلیا۔

قبل ازیں کوالیفکیشن میچز میں جرمنی کی اینیکا بیک نے امریکی حریف ایبی جیل اسپیئرز کو 2-6،6-0 اور6-2 سے قابو کرلیا، معروف اطالوی پلیئر فلاویا پنیٹا نے آسٹرین حریف یووینی میوسبرگر کو6-1 اور6-3 سے پچھاڑ کر مین ڈرا میں رسائی پائی۔دوسری جانب ریو ڈی جنیرو کے ویمنز کلے کورٹ ایونٹ میں اسپین کی سلویا سولیر ایسپونسا نے میزبان برازیلین پلیئر لورا پیگوسی کو 6-0 اور6-1 سے ہرادیا، دوسری اسپینش پلیئر ماریا ٹریسا ٹورو فلور کو اطالوی حریف نیسٹاجا برونیٹ نے7-5 اور6-4 سے مات دے دی۔ دریں اثنا ٹاپ سیڈ جاپانی پلیئر کائی نیشکوری نے ممفس مینز ٹینس کا ٹائٹل جیت کر اعزاز کا دفاع کرلیا، انھوں نے فائنل میں کروشیا کے ایوا کارلووک کو 6-4 ، 7-6(7/0) سے مات دی، لگاتار دوسری مرتبہ یوایس انڈور ٹینس چیمپئن شپ جیتنے والے ایشین پلیئر کے کیریئر کا یہ مجموعی طور پر چوتھا اے ٹی پی ٹائٹل بنا، وہ اس سے قبل 2008 کا ڈیرلے بیچ اور پھر2012 کا ٹوکیو ایونٹ بھی اپنے نام کرچکے ہیں، نیشکوری نے کہا کہ میں نے پہلے کبھی اپنے کسی اعزاز کا دفاع نہیں کیا لہذا اس پر میرے جذبات نہایت شاندار ہیں۔ علاوہ ازیں بیونس آئرس مینز ٹینس فائنل میں ڈیوڈ فیرر نے فابیو فوگنینی کو ہرا دیا۔