دبئی ٹینس اسٹوسر کو غیر معروف پلیئر اینیکا نے ٹھکانے لگادیا

سبائن اورکیربر کے سفر کا بھی اختتام، سیمونا انجرڈ، کورنیٹ کی اگلے راؤنڈ میں رسائی


Sports Desk February 19, 2014
سبائن اورکیربر کے سفر کا بھی اختتام، سیمونا انجرڈ، کورنیٹ کی اگلے راؤنڈ میں رسائی، ووزینسکی اور اینا ایوانووک کامیاب، ڈبلز میں ثانیہ کو شکست۔ فوٹو: فائل

دبئی ویمنز ٹینس میں سابق عالمی نمبرون پلیئرز کیرولین ووزینسکی اور اینا ایوانووک نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا۔

ومبلڈن فائنلسٹ جرمن پلیئر سبائن لیسکی اور ہموطن اینجلیک کیربر کے سفر کا اختتام ہوگیا، قطر ویمنز ٹینس کی چیمپئن سیمونا ہالیپ کے انجرڈ ہونے پر فرنچ پلیئر آلیز کورنیٹ نے اگلے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی، آسٹریلین اسٹار سمانتھا اسٹوسر کو غیرمعروف اینیکا بیک نے ٹھکانے لگادیا، ڈبلز میںثانیہ مرزا اور ان کی زمبابوین پارٹنر کارا بلیک پہلے رائونڈ میں ہارگئیں۔تفصیلات کے مطابق دبئی ویمنز ٹینس میں2 سابق عالمی نمبرون پلیئرز نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا، ڈینش اسٹار کیرولین ووزینسکی جرمن حریف سبائن لیسکی کو ابتدائی سیٹ ہارنے کے باوجود زیر کرنے میں کامیاب رہیں،ان کی فتح کا اسکور 2-6 ، 6-3 اور6-3 رہا، سربیا کی اینا ایوانووک نے سخت مقابلے کے بعد جرمن حریف اینجلیک کیربر کو 3-6،6-3 اور7-6(8/6) سے شکست دے دی، فرنچ اسٹار آلیزکورنیٹ نے دوسرے رائونڈ میں جگہ بنالی، قطر ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کی فاتح اور 7 سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ ان کیخلاف انجرڈ ہونے پر مقابلہ مکمل نہیں کرپائیں، میچ ختم کیے جانے پر کورنیٹ کو 6-1،1-1 سے برتری حاصل تھی۔

سربیا کی جیلینا جینکووچ نے یوکرینی حریف ایم زینویسکا کو 6-4 اور6-3 سے مات دی، سابق عالمی نمبرون آسٹریلوی سپر اسٹار سمانتھا اسٹوسر کو جرمنی کی غیرمعروف پلیئر اینیکا بیک نے حیران کن طور پر 1-6،6-1 اور6-4 سے ٹھکانے لگادیا، اسٹونیا کی کائیا کنیپی کو اطالوی پلیئر فلاویا پنیٹا نے 7-5 اور6-4 سے ہرایا، بیلجیئن پلیئر کرسٹن فلپکنز نے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو 6-1 اور7-5 سے قابو کرلیا۔ڈبلز میں بھارتی اسٹار ثانیہ مرزا اور زمبابوین پارٹنر کارا بلیک کو پہلے ہی رائونڈ میں شکست ہوگئی،انھیں آندریا ہیلکووا اور لوسیا سفارووا نے دلچسپ مقابلے کے بعد 7-6(7/5)،5-7 اور11-9 سے مات دی، اطالوی جوڑی سارا ایرانی اور روبریٹا ونسی نے روسی حریفوں اناستاسیا پاولیچنکووا اور نادیا پیٹرووا کیخلاف اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-4 سے فتح پاتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ دوسری جانب امریکا کے شہر ڈیرلے بیچ میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں 6سیڈ اسپینش پلیئر فلکیانو لوپز نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا، انھوں نے امریکی حریف سام کیورے پر 6-2 اور6-3 سے غلبہ حاصل کیا۔

گذشتہ ہفتے ممفس میں منعقدہ انڈور ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ سے باہر ہونے والے لوپز کو اب تیسرے مرحلے میں فرنچ پلیئر ایڈریانو مینارینو کے چیلنج کا سامنا رہے گا، جنھوں نے ابتدائی میچ میں دوسرے امریکی وائلڈ کارڈ انٹری پلیئر جیک سوک کو 6-4 اور6-2 سے مات دی، علاوہ ازیں ریو ڈی جنیرو اے ٹی پی فرسٹ رائونڈ میچز میں سلواکین پلیئر مارٹن کلیزن نے اسپینش حریف گولیرمو گارشیا لوپزکو 6-4 ، 4-6 ، 7-6(7/4) سے شکست دے دی،برازیلین پلیئر جوآئو سوزا کو ارجنٹائن کے فیکاندو بیگنز نے 7-5،2-6 اور6-2 سے قابو کرلیا، سربیا کے دوسان لیجووک کو اطالوی حریف فلیپو ولیندری کے 6-7 (7/9)،6-3 اور4-0 کے اسکور پر ریٹائرڈ ہوجانے پر اگلے مرحلے میں رسائی کا پروانہ مل گیا، برازیلین کھلاڑی تھامس بیلوسی نے کولمبین حریف سانتیاگو گیرالڈو کو 3-6،6-4 اور6-3 سے زیر کرلیا، ارجنٹائنی پلیئر فیڈریکو ڈیلبونیس نے برازیلین حریف گوئلیریم کلیزر کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-1 اور6-1 سے ہرایا۔