امن کیلیے مذاکرات درست راستہ مگر قتل عام نظر انداز نہیں ہوسکتا تحریک انصاف

شدت پسندوں کے چند گروہ امن عمل کو تباہ کرنے پر آمادہ ہیں،طالبان فوری جنگ بندی کریں


Numainda Express February 19, 2014
شدت پسندوں کے چند گروہ امن عمل کو تباہ کرنے پر آمادہ ہیں،طالبان فوری جنگ بندی کریں،اعلامیہ۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

تحریک انصاف نے 2010میں اغوا ہونیوالے 23ایف سی اہلکاروں کے المناک قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان سے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا ہے کہ گفتگو اور مذاکرات کے ذریعے امن کے حصول کی کوششیں ہی درست راستہ ہے تاہم معصوم شہریوں کا قتل عام نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کی قیادت نے کور کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین عمران خان نے کی جبکہ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، صدر جاوید ہاشمی، سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین سمیت کور کمیٹی کے اراکین اس میں شریک ہوئے۔

کمیٹی اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ واضح طور پر شدت پسندوں میں سے چند گروہ امن عمل کو تباہ کرنے پر آمادہ ہیں۔ تحریک انصاف کی کمیٹی تحریک طالبان سے فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کامطالبہ کرتی ہے۔ کور کمیٹی نے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے شاندار خدمات کا بھی اعتراف کیا اور آئین کے دائرہ کار کے اندر بات چیت کا عمل آگے بڑھانے کے حوالے سے تحریک انصاف کے واضح موقف کی عوامی تائید پر اطمینان کا اظہار کیا۔