عوام کا لوٹا گیا پیسہ 2023 میں زرداری سے چھین لیں گے علی زیدی

پی پی پی سے جان چھڑا کرسندھ کےعوام اپنی تقدیر خود بدل سکتے ہیں، وزیر خارجہ


ویب ڈیسک March 01, 2022
(فوٹو: پی ٹی آئی)

BEIJING: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ زرداری نے عوام کا پیسہ لوٹا جو ہم 2023 میں اُس سے چھین لیں گے جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے 15 سالوں میں صرف لوٹ مار کی۔

پاکستان تحریک انصاف کا سندھ حقوق مارچ نوابشاہ پہنچ گیا، جہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 10 برسوں سے سندھ کے ریگستان سے ایک آواز بلند کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ظلم سہنے کی سکت اور چکی میں مزید پسنے کا ارادہ نہیں ہے تو سندھ کے عوام فیصلہ کرلیں، جب تک سندھ کے عوام تبدیل نہیں ہوتے اس وقت تک سندھ کی تقدیر کوئی نہیں بدل سکتا۔

جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے نوجوانوں نے سال 2013 میں فیصلہ کیا اور کے پی کے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت بنائی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے بھی شرکا کا خون گرمایا اور کہا کہ عمران خان سب سے بڑا کھلاڑی ہے جو خود دار اور رزق حلال کھاتا ہے، جو پیسا زرداری کے پاس ہے وہ سب عوام کا لوٹا ہوا پیسہ ہے جو ہم 2023 میں اُس سے چھین لیں گے۔

علی زیدی نے کہا کہ بلاول اپنے والد سے پوچھے کہ اربوں روپے کی جائیدادیں کیسے بنائیں، آپ کے ضلع میں علی حسن زرداری نے 5 افراد کو قتل کرایا تو کیا بلاول مقتولین کے اہل خانہ کے پاس تعزیت کے لیے پہنچے؟، صوبے میں لوگ قتل ہورہے ہیں اور بلاول بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں۔

مقبول خبریں