بلاول بھٹو کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دیتےہوئے 28 فروری کو رپورٹ طلب کرلی۔


ویب ڈیسک February 21, 2014
ملزمان نے بلاول بھٹو زرداری اور ایس ایچ او شفیق تنولی سمیت اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی بنا رکھی تھی، پولیس فوٹو:شاہد حسین

AUSTIN: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کراچی میں تخریب کاری کی بڑی سازش کے الزام میں گرفتار کالعدم تنظیم کے 3 ملزمان کو 28 فروری تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سی آئی ڈی پولیس نے تینوں ملزمان کے چہروں پر کپڑا ڈال کر سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 3 میں پیش کیا جہاں استغاثہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزمان بلاول بھٹو زرداری اور ایس ایچ او رفیق تنولی سمیت اہم شخصیات کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جس کے لئے انہوں نے بارود سے بھری ہوئی ایک گاڑی بھی تیار کی۔ سرکای وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کو مزید تفتیش کےلئے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے تاہم عدالت نے ملزمان کا 7 روز کا جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے 28 فروری کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ حساس اداروں اور پولیس نے گزشتہ روز ماڑی پور اور اسٹیل ٹاؤن کے علاقوں میں کارروائی کرکے بارودی مواد سے بھری 2 گاڑی قبضے میں لے کر خودکش بمبار سمیت 6 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔ ملزمان نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری اور ایس ایچ او شفیق تنولی سمیت اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررکھی تھی۔

مقبول خبریں