عیسیٰ نگری ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق مشتعل شہریوں نے بس جلا دی

سڑک عبور کرنے والے شمعون بھٹی کو تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماردی، جوہر موڑ پر بس نے خاتون کو روند ڈالا، ڈرائیور فرار


Staff Reporter February 22, 2014
جوہر موڑ پر خاتون کو کچلنے والی منی بس کومشتعل افراد نے جلادیا ،امدادی رضاکار بس کا معائنہ کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

لاہور: ٹریفک حادثات 2 افراد جاں بحق ہوگئے، راشد منہاس روڈ پر حادثے کے بعد مشتعل افراد نے منی بس نذر آتش کردی۔

تفصیلات کے مطابق عیسیٰ نگری بس اسٹاپ کے قریب تیز رفتار گاڑی نے سڑک عبور کرنے والے45 سالہ شمعون بھٹی کو ٹکر مار کر ہلاک کردیا جبکہ حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، عزیز بھٹی پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچایا، شمعون بھٹی عیسیٰ نگری کا رہائشی اور رنگ ساز تھا جو کسی کام سے سڑک عبور کرکے دوسری جانب جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

جوہر موڑ کے قریب تیز رفتار روٹ ڈی7 کی منی بس نے راہگیر خاتون 45 سالہ حنا کو ٹکر مارکر شدید زخمی کر دیا، حادثے کا ذمے دار ڈرائیور منی بس چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا، زخمی خاتون کو شہریوں نے طبی امداد کے لیے قریبی نجی اسپتال پہنچایا، موقع پر موجود مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے منی بس شیشے توڑ کر نذر آتش کردیا،ہنگامہ آرائی کے باعث راشد منہاس روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا، شارع فیصل پولیس نے پہنچ کر مشتعل افرادکو منتشر کر کے ٹریفک بحال کرادیا جبکہ فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے قبل ہی منی بس جل کر خاکستر ہوگئی پولیس ڈرائیور کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے، قیوم آباد کے قریب کار اور ٹرک کے درمیان تصادم ہوگیا، حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔