ثنا جاوید کا اپنے خلاف پروپیگنڈا کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 11 مارچ 2022
تحقیقات شرع کردی گئی ہیں متعلقہ افراد کو نوٹسز اجری کیے جارہے ہیں، سربراہ ایف آئی اے سائبرکرائم فوٹوفائل

تحقیقات شرع کردی گئی ہیں متعلقہ افراد کو نوٹسز اجری کیے جارہے ہیں، سربراہ ایف آئی اے سائبرکرائم فوٹوفائل

کراچی: اداکارہ ثنا جاوید نے اپنے خلاف پیروپیگنڈا کرنے والی ماڈلز اور میک اپ آرٹسٹوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کرلیا۔

گزشتہ چند دنوں سے متعدد ماڈلز، میک اپ آرٹسٹ اور اداکار سوشل میڈیا پر اداکارہ ثنا جاوید کی جانب سے ساتھی فنکاروں کے ساتھ برتے جانے والے نامناسب اور ناقابل برداشت رویے کے بارے میں آواز اٹھارہے ہیں۔

ماڈل منال سلیم نے ثنا جاوید کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ وہ اب مزید کسی اداکارہ کے ساتھ کام نہیں کریں گی، کیونکہ یہ اداکارائیں ہمیں ’’دو ٹکے کی ماڈلز‘‘ سمجھتی ہیں۔ منال سلیم کے بعد متعدد میک اپ آرٹسٹوں اور اداکارہ رابعہ کلثوم نے بھی ثنا جاوید کے رویے کو نامناسب قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ ثنا جاوید پر پابندی کا مطالبہ کیوں کیا جارہا ہے؟

ثنا جاوید نے اپنے خلاف ان تمام الزامات کے جواب میں خاموشی اختیار کیے رکھی تھی۔ تاہم اب انہوں نے اپنے خلاف پیرو پیگنڈا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ثنا جاوید نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر ایک طویل  پوسٹ کی جس میں انہوں نے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا ’’پچھلے 72 گھنٹوں میں مجھے ہر طرح کے جھوٹ، من گھڑت کہانیوں، نفرت انگیز تقریروں اور دھمکیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ لوگوں کے ایک گروپ کی جانب سے میرے خلاف پوری منصوبہ بندی سے مہم شروع کی گئی جس سے نا صرف مجھے بلکہ میرے خاندان کو بھی شدید صدمہ پہنچا۔

اداکارہ نے کہا مجھے یہ دیکھ کر حیرانی ہوئی کہ لوگ کتنے زہریلے ہوسکتے ہیں اور ہر کوئی تمام حقائق کو جانے بغیر کتنی تیزی سے نتائج تک پہنچ جاتا ہے۔ جہاں تک اس معاملے کا تعلق ہے ہر کوئی کہانی کا ایک رخ جانتا ہے اور میں اس پر تبصرہ کرنے اور بحث کرنے سے انکار کرتی ہوں کہ دوسرے فریق نے کیا کہا۔ یہاں تک کہ اس کا تذکرہ کرنا بھی ناگوار اور شرمناک ہے۔

ثنا جاوید نے کہا میں نے اس معاملے کو قانونی حکام تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجھے اپنے کام سے محبت ہے، میں اپنے کام کا بہت احترام کرتی ہوں اور اپنے پورے کیریئر میں، میں نے اپنے ساتھیوں کا احترام کرتے ہوئے اپنی بنیاد اور اپنی دیانت کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کی ہے اور بدلے میں اسی کی توقع رکھتی ہوں۔

اداکارہ نے کہا اب یہ معاملہ قانونی حکام کے پاس ہے۔ میں لوگوں کے اس گروہ جنہوں نے میرے خلاف پیرو پیگنڈا کیا کے خلاف تمام قانونی آپشنز پر عمل کروں گی۔

پوسٹ کے آخر میں ثنا جاوید نے کہا میں اپنے تمام دوستوں اور خیرخواہوں کا شکریہ اد اکرنا چاہوں گی جومیرے ساتھ کھڑے رہے  اور ان من گھڑت کہانیوں پر یقین نہیں کیا۔ آپ لوگ میری طاقت ہیں، حق کی فتح ہو۔ آمین۔‘‘

ثنا جاوید کے علاوہ ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے بھی سوشل میڈیا پر اس بات کی تصدیق کی کہ اداکارہ ثنا جاوید نے ان سے رابطہ کیا ہے۔ عمران ریاض نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ثنا جاوید اپنے شوہر عمیر جسوال کے ہمراہ ان کے آفس میں موجود ہیں اور کہا ثنا جاوید نے اپنے شوہر کے ہمراہ سوشل میڈیا پر اپنی مبینہ ہتک عزت مہم  کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے ہیڈ کوارٹر میں باضابطہ طور پر شکایت درج کروائی ہے۔

عمران ریاض نے کہا اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، سچ جاننے کے لیے مبینہ افراد کو نوٹسز جاری کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے تمام آن لائن پبلیکیشنز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی نتیجہ آنے تک غیر تصدیق شدہ ہتک آمیز مواد یا پوسٹس شیئر نہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔