کرپشن کے خاتمے کیلیے ہر کوشش کا خیر مقدم کرینگے شرمیلا فاروقی

آزادی معلومات کا بل پی پی کے دورمیں منظور کیا گیا،معلومات تک رسائی ہر شہری کا حق ہے


Staff Reporter February 22, 2014
آزادی معلومات کا بل پی پی کے دورمیں منظور کیا گیا،معلومات تک رسائی ہر شہری کا حق ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے ثقافت اور ممبر سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی ہر شہری کا حق ہے۔

18 ویں ترمیم اور 2006ء کے آزادی معلومات کا بل پیپلز پارٹی کے دورمیں منظور کیا گیا تاہم اس کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ معلومات کے حصول کے قانون پر عملدرآمد کرپشن کے خاتمے اور بہتر حکمرانی کے بغیر ادھورا ہے،18 ویں ترمیم کی منظوری کا سہرا بھی پیپلز پارٹی کے سر ہے جس کے ذریعے صوبوں کو اختیارات منتقل ہوئے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈیولپمنٹ،انوائرمنٹ،لیگل ایڈ ، ٹیکنیکل سپورٹ اینڈ ایڈووکیسی ایسوسی ایشن ( ڈیلٹا ) اور انیشیٹر ہیومن ڈیولپمنٹ فائونڈیشن اور یو این ڈی پی کے مشترکہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت بہتر حکمرانی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ہر قسم کی کوششوں کا خیر مقدم کرتی ہے اور حق معلومات کے آئینی حق اس کی اصل رو ح میں نفاذ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، انھوں نے کہا کہ 2006ء کے آزادی معلومات کے قانون میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے ہر سطح پر مشاورت کی جائے گی ،تقریب سے اقوام متحدہ کے پروگرام برائے ترقی کے ماہر ہاشم زیدی ' ڈیلٹا کی صدر نازلی سردار ،رانا آصف حبیب ' ڈاکٹر رفعت سردار،سی پی ایل سی چیف احمد چنائے و دیگر نے بھی خطاب کیا۔