ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کے خلاف ملک گیر مہم شروع کر دی

جارحانہ مہم کا بنیادی مقصد قابل ٹیکس آمدنی رکھنے والے تمام لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔


Irshad Ansari February 23, 2014
مقصدقابل ٹیکس آمدنی کے حامل افراد کونیٹ میں لاناہے،اب تک 70 ہزار کو نوٹس دیے جاچکے،جون تک مزید30ہزار کودینگے،ایف بی آرحکام فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی ہدایات پر ملک بھر میں قائم تمام آر ٹی اوز اور ایل ٹی یوز سمیت دیگر فیلڈ فارمشنز نے ٹیکس چوروں اور نان فائلرز کے خلاف جارحانہ مہم شروع کردی ہے۔

اس ضمن میں ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ کی منظوری کے بعد فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) نے ملک بھر میں قائم تمام آر ٹی اوز اور ایل ٹی یوز سمیت دیگر فیلڈ فارمشنز کو ٹیکس چوروں اور نان فائلرز کے خلاف جارحانہ مہم شروع کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں کیونکہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دورہ ایف بی آر کے موقع پر اعلی سطح کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے ٹیکس چوروں کے خلاف جارحانہ مہم شروع کرنے کی منظوری دی تھی جس پر ایف بی آر نے جمعہ کو ہی فیلڈ فارمشنز کو ہدایات جاری کی تھیں ۔

جاری ہدایات کے تحت ملک بھر میں ٹیکس چوروں اور نان فائلرز کے خلاف جارحانہ مہم شروع کردی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد قابل ٹیکس آمدنی رکھنے والے تمام لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اب تک 70 ہزار لوگوں کو نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ 30جون تک مزید 30 ہزار افراد کو نوٹس جاری کیے جائیں گے اور جو لوگ نوٹس کا جواب نہیں دے رہے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مزید نوٹس بھجوائے جارہے ہیں اور نوٹسز کا مسلسل جواب نہ دینے والوں کے خلاف قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اسیسمنٹ آرڈرز جاری کیے جارہے ہیں۔