جنوبی افریقہ نے کینگروز کے گرد شکنجہ کسنا شروع کردیا

پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 4 وکٹ پر 192 رنز ،369کی مجموعی برتری


Sports Desk February 23, 2014
پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ: دوسری اننگز میں ہاشم آملا کا اسکوائر لیگ کی جانب شاٹ ، آسٹریلوی فیلڈر گیند تک پہنچنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ،جنوبی افریقی بیٹسمین نے ناقابل شکست 93 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے کینگروز کے گرد شکنجہ کسنا شروع کردیا، دوسری اننگز میں 4 وکٹ پر 192 رنز اسکور کرکے 369 کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔

ہاشم آملا93 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مچل جونسن اور پیٹرسڈل نے2،2وکٹیں لیں، اس سے پہلے آسٹریلیا 246 رنز پر آئوٹ ہوگیا، ورنون فلینڈر اور مورن مورکل نے 3، 3 جبکہ وین پارنیل نے 2وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں ہوا، اس بار بھی آئوٹ آف فارم گریم اسمتھ ہی پویلین واپس لوٹنے والے پہلے کھلاڑی ثابت ہوئے،14 کے انفرادی اسکور پر مچل جونسن نے انھیں بولڈ کیا، 42 پر گرنے والی وکٹوں کی تعداد 2 ہوگئی جب دوسرے اوپنر ڈین ایلجر 16 رنز پر ہمت ہار گئے، پیٹرسڈل کی گیند پر وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن نے کیچ تھاما، اس موقع پر ہاشم آملا نے فاف ڈو پلیسی کے ساتھ مل کر اسکور کو 112 تک پہنچایا، ڈوپلیسی 24 رنز پر سڈل کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، جب ڈی ویلیئرز نے 29 رنز بناکر ہاشم آملا کا ساتھ چھوڑا تو مجموعی اسکور 167 تھا، وہ بھی وکٹوں کے عقب میں کیچ ہوئے مگر کامیاب بولر جونسن تھے۔

جب تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو جنوبی افریقہ نے 4 وکٹ پر 192 رنز بنا کر مجموعی طور پر 369کی برتری حاصل کرلی تھی، ہاشم آملا 93 جبکہ کونٹین ڈی کاک 9 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس سے پہلے 112 رنز 4 وکٹ سے دن کا آغاز کرنے والی آسٹریلوی ٹیم 246پر آئوٹ ہوگئی،ڈیوڈ وارنر گذشتہ رات کے اسکور میں صرف 5 رنز جوڑ کر 70 پر ورنون فلینڈر کی وکٹ بن گئے، کیچ اسمتھ نے تھاما، نائٹ واچ مین ناتھن لیون کو 15 پر مورکل نے میدان بدر کیا، اسٹیون اسمتھ 49 رنزپر مورکل کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے۔ فلینڈر اور مورکل نے 3، 3 وکٹیں لیں جبکہ پارنیل نے2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔