آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو کھیل پر بگ تھری کی بادشاہت کے مخالف

رچرڈسن نے رواں ماہ کے آغاز پر سنگاپور میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں اپنے خدشات واضح طور پر بیان کیے تھے


Sports Desk February 23, 2014
رچرڈسن نے رواں ماہ کے آغاز پر سنگاپور میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں اپنے خدشات واضح طور پر بیان کیے تھے۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیوڈیو رچرڈسن بھی کھیل پر بگ تھری کی بادشاہت کے مخالف نکلے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انھوں نے رواں ماہ کے آغاز پر سنگاپور میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں اپنے خدشات واضح طور پر بیان کیے تھے، جنوبی افریقہ کے سابق وکٹ کیپر ڈیورچرڈسن خود ایک کوالیفائیڈ وکیل بھی ہیں، انھوں نے اس تجویز پر بھی اعتراض کیا جس میں میزبان بورڈ کے نشریاتی پارٹنر کے لیے مہمان بورڈ کی کلیئرنس درکار ہوگی۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ بھارت اس ملک کے ٹور سے انکار کرسکتا ہے جس کے نشریاتی حقوق کسی ایسے ادارے کے پاس ہوئے جس سے اس کا یا آئی سی سی کا تنازع چل رہا ہو، جیسا کہ سری لنکا کے نشریاتی حقوق ٹین اسپورٹس کے پاس ہیں جو زی گروپ کی ملکیت ہے، اس کا بھارتی بورڈ اور آئی سی سی سے پرانا تنازع ہے۔ اسی طرح ڈیو رچرڈسن نے بورڈز کے درمیان باہمی سیریز کے لیے خود سے ہی پلیئنگ کنڈیشنز بھی طے کرنے کی مخالفت کی، ان کا کہنا تھا کہ ہر سیریز کے لیے الگ پلیئنگ کنڈیشنز سے کھیل مزید پیچیدہ اور امپائرز کو بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔