ریو اوپن ٹینس ورلڈ نمبر ون رافیل نڈال نے ناکامی کو ٹال دیا

ورلڈ نمبرون اسپینش اسٹار نے سیمی فائنل میں بمشکل تمام ہموطن پبلو الیجاندرو کو قابو کیا۔


Sports Desk February 24, 2014
ریو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ : مینز سنگلز سیمی فائنل میں ورلڈ نمبرون رافیل نڈال اسپینش حریف پبلو الیجاندرو کیخلاف گیند ریٹرن کررہے ہیں، انھوں نے سخت جدوجہد کرنے پراس مقابلے میں فتح پائی۔ فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ نمبرون رافیل نڈال نے ریو اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں سخت جدوجہد کے بعد ناکامی کو ٹال دیا۔

انھوں نے بمشکل تمام ہموطن اسپینش پلیئر پبلو الیجاندو کو دو گھنٹے46 منٹ مقابلے میں زیر کیا، سیکنڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر کو یوکرینی پلیئر الیگزینڈر ڈولگوپولوف نے شکست دے دی، ویمنز سنگلز سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ کارلا زاکا پولووا نے میزبان برازیلین امیدوں کا محور ٹیلینا پریرا کی پیشقدمی ختم کردی، جاپانی اسٹار کرومی نارا نے اطالوی حریف نیستاسجا برنیٹ پر ہاتھ صاف کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ نمبرون رافیل نڈال نے بمشکل تمام ریو اوپن ٹینس کے مینز سنگلز فائنل میں جگہ بنالی، سیمی فائنل میں ہم وطن اسپینش پلیئر پبلو الیجاندرو نے کلے کورٹ چیمپئن کو خاصا ٹف ٹائم دیا، نڈال ابتدائی سیٹ 2-6 سے ہارے تاہم انھوں نے دوسرا سیٹ 6-3 سے جیت کر مقابلہ برابر کیا لیکن تیسرے سیٹ میں پبلو نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقابلہ ٹائی بریکر پر پہنچایا جہاں پر قسمت نڈال پر مہربان رہی، اور انھوں نے یہ سیٹ بھرپور مقابلے کے بعد 7-6(12/10) سے اپنے نام کرلیا، نڈال دو میچ پوائنٹس پر ناکامی کو ٹالنے میں کامیاب ہوئے۔

رواں برس تیسرے اے ٹی پی میں شرکت کرنے والے نڈال نے تیسری ہی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز پالیا، لیکن اس مرتبہ الیجاندرو نے انھیں مشکل میںڈالے رکھا، ناکامی پر الیجاندور نے ریکٹ کو توڑ دیا، مقابلہ دو گھنٹے46 منٹ تک جاری رہا، ٹرافی کے لیے ٹاپ سیڈ نڈال کو اب یوکرینی پلیئر الیگزینڈر ڈولگوپولوف کا چیلنج درپیش ہوگا، جنھوں نے دوسرے سیمی فائنل میں سیکنڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-4 سے ٹھکانے لگایا، ڈولگوپولوف اکتوبر2012 کے بعد سے پہلی مرتبہ کسی اے ٹی پی ایونٹ کے فائنل میں پہنچے، انھوں نے اپنے کیریئر کے تینوں ٹائٹل میں سے آخری اگست 2012 میں جیتا، جب انھوں نے واشنگٹن ایونٹ کے فائنل میں جرمن حریف ٹامی ہاس کو زیر کیا تھا، ڈیوڈ فیرر کیخلاف 9 ویں باہمی مقابلے میں یوکرینی پلیئر کی یہ دوسری کامیابی ہے، جس کیلیے انھیں 84 منٹ تک جدوجہد کرنا پڑی۔ویمنزسنگلز سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ جمہوریہ چیک کی کارلا زاکا پولووا نے برازیلین حریف ٹیلینا پریرا کو 6-2 ، 6-2 سے مات دی، وہ تقریباً ایک دہائی بعد پہلی ڈبلیو ٹی اے ٹرافی تھامنے کیلیے بے چین ہیں۔

انھوں نے آخری مرتبہ 2005 کے اواخر میں پورٹروز میں ٹائٹل جیتا تھا، اس کے بعد انھیں پانچ مرتبہ فائنلزمیں شکست ہوچکی ہے تاہم اس مرتبہ ان کا سامنا جاپانی پلیئر کرومی نارا سے ہوگا، جنھوں نے دوسرے سیمی فائنل میں اطالوی کھلاڑی نیستاسجا برنیٹ کو 6-4 ، 3-6 اور6-2 سے ٹھکانے لگایا ہے۔دوسری جانب ڈیرلے بیچ اے ٹی پی کے سیمی فائنلز میں فورتھ سیڈ کیون اینڈرسن نے امریکی حریف اسٹیو جونسن کو 6-2 اور6-4 سے قابو کرلیا، کروشین اسٹار مارن کلک نے سیکنڈ سیڈ جون اسنر کو 7-6(7/5) اور6-3 سے شکست دے دی۔ادھرمارسیلی اے ٹی پی کی ٹرافی لٹویا کے ارنسٹ گلبز نے اپنے قبضے میں کرلی، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں فرنچ اسٹار جوئے ولفریڈ سونگا کو ٹھکانے لگادیا، ان کی فتح کا اسکور7-6(7/5) اور 6-4 رہا، گلبز نے اس سے قبل ٹاپ سیڈ رچرڈ گیسکوئٹ کو بھی شکست دی تھی۔