دہشتگردوں سے مقابلے میں شہید اہلکاروں کے لواحقین کیلئے شہدا فنڈ قائم کیا جائے الطاف حسین

اہلکاروں کی شہادت کے بعد ان کے لواحقین کی خبر گیری کرنے والا اور ان کی مالی کفالت کرنے والا کوئی نہیں ہوتا، الطاف حسین


ویب ڈیسک February 24, 2014
وطن کی حفاظت اور اس کے عوام کو سیکیورٹی فراہم کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان اہلکاروں کے پسماندگان کی دیکھ بھال حکومت اور عوام کا قومی فریضہ ہے، الطاف حسین فوٹو: فائل

FAISALABAD:

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں سے مقابلے میں پاک فوج، رینجرز، ایف سی اور پولیس کے شہید وزخمی ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور مالی معاونت کے لئے فوری طور پر شہدا فنڈ قائم کیا جائے اور جس میں ایم کیو ایم اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔


لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ طالبان اور ان کے حمایتی گروپوں کے دہشت گردوں کے ہاتھوں تقریبا روز ہی پاک فوج، رینجرز، ایف سی اور پولیس کے اہلکار شہید ہورہے ہیں، ان اہلکاروں کی شہادت کے چند دن بعد تک روایتی بیانات اور پیغامات کا سلسلہ تو جاری رہتا ہے لیکن اس کے بعد ان شہدا کی بیواؤں، یتیم بچوں اور دیگر لواحقین کی خبر گیری کرنے والا اور ان کی مالی کفالت کرنے والا کوئی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی حفاظت اور اس کے عوام کو سیکیورٹی فراہم کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان اہلکاروں کے پسماندگان کی دیکھ بھال حکومت اور عوام کا قومی فریضہ ہے اس لئے حکومت ان شہدا کے لواحقین کی دیکھ بھال اور اعانت کے لئے فوری طور پر شہدا فنڈ قائم کرے اور اس ضمن میں ایم کیو ایم بھرپور تعاون کرنے اور اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

مقبول خبریں