نارتھ ناظم آباد نقاب پوش ڈاکوؤں نے کئی گھر لوٹ لیے

ڈاکوؤں کاگروہ سورج نکلنےسےقبل گھروں میں کود کر داخل ہوتا ہے، تمام افراد کوکمرے میں بند کرکے اشیا اور نقدی لوٹ لیتا ہے


Staff Reporter February 26, 2014
نارتھ ناظم آباد بلاک D میں گاڑیوں سے قیمتی سامان کی چوری کا سلسلہ جاری،گلشن شمیم یاسین آباد پل کے قریب ڈاکوئوں کی گاڑیوں کو روک کر وارداتیں معمول بن گئیں۔ فوٹو: فائل

نارتھ ناظم آباد پولیس کی مبینہ سرپرستی میں ڈاکوؤں کے 6 رکنی نقاب پوش گروہ نے علاقے میں دہشت مچادی ، ڈاکوؤں کا گروہ فجرکی اذان سے قبل گھروں میں کود کر اور گرل کاٹ کر داخل ہوتا ہے اورگھر سے قیمتی اشیا اور نقدی لوٹ لیتا ہے۔

عزیز آباد کے علاقے یاسین آباد پل کے قریب پولیس کی غفلت اورلاپروائی کے باعث گاڑیوں میں بڑھتی ہوئی لوٹ مار کی وارداتوں سے علاقہ مکینوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی،ملزمان آزادانہ گاڑیوں کو روک کر نقدی اور موبائل فون چھین کر گلیوں میں فرار ہوجاتے ہیں،تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد پولیس کی مبینہ سرپرستی میں نقاب پوش ڈاکوؤں کے 6 رکنی گروہ نے نارتھ ناظم آباد بلاک D میں دہشت پھیلا دی ہے،ڈاکوؤںکا گروہ فجرکی اذان سے آدھے گھنٹے قبل کار میں سوار ہو کر علاقے میں گشت کرتے ہیں اور موقع پاتے ہی کسی بھی بنگلے میں کود کر یا گرل کاٹ کراندر داخل ہوجاتے ہیں اور سوئے ہوئے افراد کے سروں پر پہنچ کر انھیں یرغمال بنا کر ہاتھ باندھ کر کمرے میں بند کردیتے ہیں اور انتہائی اطمینان سے پورے گھرکی تلاسی لے کر یرغمال مکینوں سے پوچھتے ہیں کہ قیمتی اشیا کہاں رکھی ہیں،نقاب پوش ڈاکوؤںکا گروہ نے نارتھ ناظم آباد اسلم مارکیٹ کے قریب ڈبل روڈ پر اور نیشنل اسکول کے قریب کئی گھروں سے لاکھوں روپے کے طلائی زیورات، نقدی،غیرملکی کرنسی،قیمتی موبائل فون، کمپیوٹر ایل سی ڈی ، ڈیجیٹل کیمرے ، مووی کیمرے ، گھڑیاں،ٹیبلٹس اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر باہر کھڑی گاڑی میں ڈال کر فرار ہوچکا ہے۔

علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ڈاکوؤں کا گروہ شناخت سے بچنے کے لیے چہرے اور سر کو رومال سے لپٹ لیتا ہے جبکہ گھر میں موجود تمام ڈاکو موبائل فون پر ہینڈ فری کے ذریعے باہر موجود اپنے ساتھیوں سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، ڈاکوؤں کا گروہ گھر میں واردات کے دوران آدھے گھنٹے سے پون گھنٹے تک موجود رہتا ہے اور جس اطمینان سے وہ گھر کی اورالماریوں و درازوں کی مکمل تلاشی لیتے ہیں،اس سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ انھیں مبینہ طورپر پولیس کی سرپرستی حاصل ہے،واردات کے دوران ڈاکوؤں میں کسی بھی قسم کی نہ تو گھبراہٹ ہوتی ہے اور نہ ہی پکڑنے جانے کا کوئی خوف ہوتا ہے اور وہ واردات کے دوران گھروں میں رکھے ہوئے پھل بھی کھاتے ہیں اور جاتے ہوئے اپنے ہمراہ بھی لے جاتے ہیں ، نارتھ ناظم آباد بلاک D میں گاڑیوں سے قیمتی سامان کی چوری کا بھی نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے مکینوں کی جانب سے کئی بار پولیس کو شکایت کی باوجود نہ تو دن میں اور نہ ہی رات کو پولیس کا گشت ہوتا ہے۔

علاقہ مکینوں نے قائم مقام آئی جی سندھ اور کراچی پولیس کے سربراہ سے اپیل کی ہے کہ نارتھ ناظم آباد بلاک D میں ڈاکوؤںکے نقاب پوش 6 رکنی گروہ کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقہ پولیس کی مبینہ سرپرستی ،غفلت اورلاپروائی کا سخت نوٹس لیا جائے،دریں اثنا عزیز آباد کے علاقے گلشن شمیم یاسین آباد پل کے قریب گلیوں سے نکلنے والے ملزمان گاڑیوں کو روک کو ان میں سوار افرادکو یرغمال بنا کر نقدی ، طلائی زیورات ، موبائل فون اوردیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں،علاقہ پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے گریز کیا جا رہا ہے ،لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث علاقہ مکینوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔