بیٹسمینوں نے فتح کا دیا جلاکر خود ہی بجھا دیا

ایشیا کپ کے آغاز میں ہی پاکستانی قدم ڈگمگا گئے، سری لنکا کے ہاتھوں12رنز سے شکست


Sports Desk February 26, 2014
ایشیا کپ کے پہلے میچ میں سری لنکن فاسٹ بولر لسیتھ مالنگا پاکستانی کھلاڑی بلاول بھٹی کی وکٹ حاصل کرنے پر خوشی سے بے قابو، انھوں نے 5 پلیئرز کو ٹھکانے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ کے آغاز میں ہی پاکستانی قدم ڈگمگا گئے، بیٹسمینوں نے فتح کا دیا جلا کر خود ہی بجھا دیا، پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کو سری لنکا کے ہاتھوں12رنز سے شکست ہوگئی۔

عمر اکمل (74) اور مصباح الحق (73) ہدف کے قریب پہنچ کر ہمت ہارگئے،297 رنز کا تعاقب کرنے والی پاکستانی ٹیم لسیتھ مالنگا کے وار نہ سہہ پائی اور49 ویں اوور میں 260 پر آئوٹ ہوگئی، پیسر5وکٹیں لے کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے،آخری6وکٹیں 42رنز کے دوران گریں، اس سے قبل آئی لینڈرز نے 6 وکٹ پر 296 رنز بنائے،لاہیرو تھریمانے نے102 رنزکی اننگز کھیلی، سنگاکارا اور انجیلو میتھیوز نے نصف سنچریاں بنائیں، عمرگل اور شاہد آفریدی نے2،2 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق297 رنزکے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو صرف 28 رنز کی بنیاد فراہم کی، شرجیل خان نے مالنگا کو ایک اوور میں لگاتار 2 چوکے اور اگلے اوور میں سچترا سینا نائیکے کو مڈ وکٹ کی جانب چھکا جڑا، مگر وہ اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل کرنے میں ایک بار پھر ناکام رہے، انھوں نے اگلے اوور میں سورنگا لکمل کی گیندکو پل کیا اور مڈ آن پر میتھیوز کا آسان کیچ بن گئے۔

شرجیل نے 23 بالز پر 26 رنز بنائے، یو اے ای میں سری لنکا کے خلاف ایک سیریز میں تین سنچریاں جڑنے والے محمد حفیظ نے وکٹ پر آتے ہی چوکا جڑا ، مجموعی اسکور77پر پہنچا تو دوسرے اوپنر احمد شہزاد بھی پویلین واپس لوٹ گئے، وہ 28 رنز پر ڈی سلوا کی پہلی ون ڈے وکٹ بنے،گیند بیٹ اور پیڈ کے درمیان سے ہوتی ہوئی اسٹمپس میں جالگی، اگلے اوور میں حفیظ کو میتھیوز نے ایل بی ڈبلیو کیا، انھوں نے 18 رنز بنائے، صہیب مقصود نے وکٹ پر مصباح الحق کا ساتھ دینے کی کوشش کی لیکن جب مجموعی اسکور 121 ہوا تووہ سینانائیکے کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ پر ڈی سلوا کا کیچ بن گئے، انھوں نے17 رنز بنائے، اب مصباح کو عمر اکمل نے جوائن کیا، دونوں کے عمدہ کھیل سے پاکستانی فتح کے امکانات روشن ہونا شروع ہوگئے، سینانائیکے کو سنگل کیلیے مڈ وکٹ کی جانب کھیل کر مصباح نے کیریئر کی 36 ویں ون ڈے ففٹی مکمل کی۔

 photo Pic_zpsec2b0559.jpg

عمر اکمل نے لکمل کے ایک اوور میں 15 رنز بناکر اپنی نصف سنچری کی تکمیل کر لی، اگلے اوور میں انھوں نے ڈی سلوا کو بھی2چوکے جڑے، عمر اکمل اور مصباح مجموعی اسکور کو 242 تک لے گئے اور پھر باقی 6 وکٹیں صرف 42 رنز کے دوران گرگئیں، لکمل کی گیند پر عمراکمل وکٹ کیپر سنگاکارا کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انھوں نے 72 بالز پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں سے مزین 74 رنز بنائے، ان کی مصباح کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلیے 121 رنز کی شراکت ہوئی، ایک اوور بعد شاہد آفریدی (4) مالنگا کی گیند پر شارٹ کور پر چندیمل کا کیچ بنے،2گیندیں مزید گزریں تو مصباح الحق بھی مالنگا کا شکار بن گئے، بائونڈری کے قریب سینانائیکے نے کیچ تھاما، انھوں نے 84 بالز پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے، عمرگل (2) مالنگا کی گیند پر پوائنٹ پر سلوا کے ہاتھوں کیچ ہوئے، اگلے اوور میں مالنگا نے سعید اجمل (10) اور بلاول بھٹی (18) کا شکارکر کے نہ صرف میچ میں اپنی پانچ وکٹیں مکمل کیں بلکہ گرین شرٹس کو 284 پر آئوٹ کرکے ٹیم کو 12 رنز سے فتح دلادی، لکمل نے 2 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے پاکستان کو پہلی کامیابی آٹھویں اوور میں ملی جب عمر گل کی ہی گیند پر سری لنکن اوپنر کوشل پریرا وکٹ کیپر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انھوں نے 14 رنز بنائے۔

اب تھریمانے کو کمارسنگاکارا نے جوائن کیا اور دونوں نے مل کر پاکستانی بولرز کے صبر کا امتحان لینا شروع کیا، اس خطرناک جوڑی کا خاتمہ عمر گل نے کیا، شارٹ بال کو پل کرنے کا خمیازہ سنگاکارا کو مڈ وکٹ میں عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ کی صورت میں بھگتنا پڑا، انھوں نے 67 رنز بنائے، دونوں نے دوسری وکٹ کیلیے 146 بالز پر 161رنز کی شراکت کی۔ تھریمانے نے عمرگل کو سنگل کیلیے کھیل کر دوسری ون ڈے سنچری مکمل کی، انھیں102 رنز پر سعید اجمل نے بولڈ کیا،تھریمانے نے 110 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 1 چھکا اور 11 چوکے جڑے، مہیلا جے وردنے 13 رنز بناکر شاہد آفریدی کی وکٹ بن گئے، تشارا پریرا (6) کو بھی لیگ اسپنر نے قابو کیا، کیچ احمد شہزاد نے تھاما، کیریئر کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے چاترنگا ڈی سلوا(2) رن آئوٹ ہوئے، کپتان انجیلو میتھیوز نے 50 بالز پر 1 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے ناٹ آئوٹ 59 رنز بنائے، عمر گل نے 38 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں، شاہد آفریدی نے بھی2کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔