آئی پی ایل فکسنگ کیس کا پنڈورہ باکس دوبارہ کھل گیا

مہاراشٹراکے وزیر داخلہ نے نئی جانچ کا حکم دیدیا،سی بی آئی سے مدد لیں، مدگال


Sports Desk February 26, 2014
مہاراشٹراکے وزیر داخلہ نے نئی جانچ کا حکم دیدیا،سی بی آئی سے مدد لیں، مدگال۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکار وندو دارا سنگھ کیخلاف اسٹنگ آپریشن نے آئی پی ایل فکسنگ کیس کا پنڈورہ باکس دوبارہ کھول دیا۔

نیا ایڈیشن شروع ہونے سے قبل ہی تنازع میں گھر گیا، مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ آر پی پٹیل نے فکسنگ تنازع کی دوبارہ سے جانچ کا حکم دے دیا، وندو سے بھی ایک بار پھر تحقیقات کی جائیں گی، ادھر سپریم کورٹ کی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ مکل مدگال کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کرپشن کیس سی بی آئی کے سپرد کرنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل فکسنگ کیس میں گذشتہ برس حوالات کی ہوا کھانے والے بالی ووڈ کے اداکار وندودارا سنگھ نے ایک ٹی وی چینل کی جانب سے اسٹنگ آپریشن میں نئے انکشافات کیے، اس سے بھارتی کرکٹ میں پھر ہلچل مچ گئی، یہ معاملہ ایسے موقع پر سامنے آیا جب بھارتی بورڈ آئی پی ایل کے نئے ایڈیشن کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

وندو دارا سنگھ نے دعویٰ کیا تھا کہ پورا ایونٹ ہی فکسڈ ہوتا ہے، بورڈ کے سابق صدر شردپوار ہی دراصل سارے تنازع کے پیچھے تھے، وہ للت مودی کی مدد سے این سری نواسن کو نیچا دکھانا چاہتے تھے۔ وندو کے الزامات کا مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ آر پی پٹیل نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی پھر سے تحقیقات کا حکم دے دیا،انھوں نے وندودارا سنگھ سے بھی دوبارہ پوچھ گچھ کی ہدایت دی ہے۔ اس سے قبل معاملے کی سپریم کورٹ کمیٹی بھی تحقیقات کرچکی جس نے اپنی رپورٹ بھی جمع کرا دی،اس میں کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا نام بھی سامنے آیا ہے،کیس کی سماعت 7 مارچ کو ہونی ہے۔ کمیٹی کے سربراہ مدگال نے کہاکہ یہ ایک انتہائی حساس معاملہ ہے، ہمیں بہت ساری چیزوں پر شکوک ہوئے، معاملے کی تفتیش سی بی آئی سے کرانی چاہیے۔