لیٹر گیٹ اسکینڈل؛ پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی جانب سے تحقیقات کی پیشکش مسترد کردی

ویب ڈیسک  منگل 12 اپريل 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے لیٹر گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرانے کی پشکش کو مسترد کردیا۔ 
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر کہا کہ ’شہباز شریف کی لیٹر گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرانے کی پیشکش کو مسترد کرتے ہیں، یہ خود کو این آر او دینے کی بھونڈی کوشش ہے‘۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ لیٹر گیٹ کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کو آزاد کمیشن بنانا چاہیے جس کی سربراہی ایسے شخص کے پاس ہو جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ 
خیال رہے کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ کئی دنوں سے ڈرامہ چل رہا ہے کہ حکومت گرانے کے لیے غیر ملکی خط آیا، نہ میں نے خط دیکھا نہ کسی نے دکھایا، جاننا چاہتے ہیں کہ یہ حقیقت ہے یا جھوٹ، یہ سب پارلیمان کے سامنے آنا چاہیے جس کے لیے پارلیمنٹ کی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے جس میں ان کیمرا بریفنگ دی جائے، تمام مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی موجود ہوں اور انہیں بریفنگ دی جائے تاکہ پوری قوم کو خط کی حقیقت پتا چلے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔