بائیو ببل کی سختیوں نے کرکٹرز کا پیچھا چھوڑ دیا

پاکستان کورونا پابندیوں سے آزاد پہلی سیریز کی میزبانی کیلیے تیار،سری لنکا سے ویمنز مقابلے آئندہ ماہ شروع ہوں گے


Sports Reporter April 15, 2022
دیگر کو اپنے طور پر احتیاط کرنا ہوگی، سیریزکا شیڈول جاری، ٹیمیں19 مئی کوکراچی پہنچ کر 3روز ٹریننگ کریں گی ۔ فوٹو : فائل

بائیوببل کی سختیوں نے کرکٹرز کا پیچھا چھوڑ دیا،پاکستان کورونا پابندیوں سے آزاد پہلی سیریز کی میزبانی کیلیے تیار ہے۔

سری لنکا سے ویمنز سیریز آئندہ ماہ شروع ہوگی،کراچی آمد پر ٹیسٹنگ میں اگر کسی کرکٹر یا معاون اسٹاف رکن کی رپورٹ مثبت آئی تو اسے 5روز کیلیے آئسولیشن میں بھیج دیا جائے گا، دیگر کو اپنے طور پر احتیاط کرنا ہوگی۔ سیریزکا شیڈول جاری کردیا گیا،دونوں ٹیمیں19 مئی پہنچ کر 3 روز ٹریننگ کریں گی،3ٹی ٹوئنٹی میچز 24سے 28 تاریخ تک ساؤتھ اینڈ کلب پر کھیلے جائیں گے۔

گرین شرٹس آئی سی سی چیمپئن شپ میں اپنے سفر کا آغاز بھی ہوم میچز سے کریں گی،پہلا مقابلہ یکم، دوسرا 3 اور تیسرا 5 جون کو ہوگا،کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ہم مہمان کرکٹرز کا استقبال کرنے کیلیے بہت پْرجوش اور سیزن کا فاتحانہ آغاز کرنے کی منتظر ہیں۔

قومی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکن ویمنز ٹیم کے دورئہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا، سیریز میں شرکت کیلیے دونوں ٹیمیں 19 مئی کو کراچی پہنچیں گی، 3 روزہ ٹریننگ سیشن کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوجائے گا، میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے، قومی ٹیم آئی سی سی چیمپئن شپ میں سفر کا آغاز بھی ہوم سیریز سے کرے گی۔

پہلا مقابلہ یکم جون کو ہوگا، دیگر دونوں میچز 3 اور 5 تاریخ کو کھیلے جائیں گے، تمام مقابلے ساؤتھ اینڈ کلب میں شیڈول ہیں۔ پاکستان میں کورونا کی وبا پر قابو پانے کے بعد یہ پہلی انٹرنیشنل سیریز ہوگی، ان میچز کیلیے مینجڈ انوائرنمنٹ میں نرمی کی جائے گی، میچز سے قبل تمام کھلاڑیوں، آفیشلز اور سپورٹ اسٹاف کی کورونا ٹیسٹنگ ہو گی، اگر کسی کی رپورٹ مثبت آئی تو اسے 5روز کیلیے آئسولیشن میں بھیج دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا یہ تیسرا ایڈیشن ہے، پاکستان نے 2014سے 2016تک ابتدائی ایڈیشن میں ساتویں، 2017سے 2020تک دوسرے ایڈیشن میں پانچویں پوزیشن حاصل کی،یہ نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا سے بہتر تھی،آئی لینڈرز سے سیریز کی تیاری کیلیے قومی خواتین ٹیم کا 11 روزہ تربیتی کیمپ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے اکیڈمی اوول میں منعقد ہوگا۔

اس میں 26 کرکٹرز کو طلب کیا جائے گا۔قومی ٹیم کی کپتان بسمہٰ معروف کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچز اپنے ملک میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے،ہم سری لنکن کرکٹرز کا استقبال کرنے کیلیے بہت پْرجوش ہیں،پلیئرز سیریز کے ذریعے کرکٹ سیزن کا فاتحانہ آغاز کرنے کی منتظر ہیں، ہمیں یقین ہے قومی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ یاد رہے کہ اس سیریز کے اختتام پر گرین شرٹس سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کیلیے آئرلینڈ جائیں گی۔

تیسری ٹیم آسٹریلیا کی ہوگی، اس کے بعد اسکواڈ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کیلیے برمنگھم روانہ ہوجائیگا۔سری لنکن ویمنز ٹیم کو گذشتہ سال اکتوبر میں پاکستان آنا تھا مگر اس وقت بھی پی سی بی مینجمنٹ تبدیل ہونے کی وجہ سے دورہ منسوخ کردیا گیا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ حالیہ سیریز بھی ایک ایسے وقت میں شیڈول کی گئی ہے جب حکومت تبدیل ہوچکی اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سمیت بورڈ میں تبدیلیوں کی ہوا چلنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔اس سے قبل پاکستان نے دسمبر 2018میں ویسٹ انڈیز کی میزبانی کا اعزاز پایا تھا،اس کے بعد کورونا سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے کوئی ہوم سیریز ممکن نہیں ہوسکی۔

مقبول خبریں