غیرقانونی بلڈ بینکوں کی روک تھام کیلیے موثر قانون بنایا جائے گورنر

ڈاکٹر عشرت العباد کی سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے اجلاس میں حکام کو ہدایت


Staff Reporter February 27, 2014
ڈاکٹروں کی ہدایت کے بغیر خون منتقل نہ کیا جائے،ماہرین نے تجاویز پیش کردیں۔ فوٹو: فائل

کراچی میں غیر قانونی بلڈ بینکوں کی روک تھا م کیلیے موثر قانون سازی کی جائے سرکاری اور نجی رجسٹرڈ بلڈ بینکوں کے نمائندوں ، ڈاکٹروں اور ماہرین کے مشورے پر قانون سازی کی جائے، رجسٹرڈ بلڈ بینکوں کی تشہیر کے ساتھ عوام کو آگاہی دی جائے ساتھ ہی خون کی فراہمی کے اداروں پر کڑی نظر رکھی جائے۔

یہ ہدایات گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے غیر قانونی بلڈ بینکوں کے خاتمے کے حوالے سے سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے جائزہ اجلاس میں حکام کو دی،اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری سید محمد حسین سید ، کمشنر کراچی، ڈی آئی جی پولیس اور سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے ڈاکٹر زاہد انصاری شریک تھے،گورنر نے کہا کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہدایت کے بغیر خون منتقل نہ کیا جائے،غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر بیمار انسانوں کے ٹارگٹ کلرز ہیں،سرکاری اسپتالوں میں رپورٹنگ نظام وضع کرکے ذرائع ابلاغ کے ذریعے آگاہی مہم چلائی جائے۔