انڈر19 ورلڈ کپ ٹرافی کیلیے پاکستان کو پروٹیز چیلنج درپیش ہوگا

سیمی فائنل میں آسٹریلیا 80 رنز سے ناکام، ربادا کی6 وکٹیں، فورٹیون نے 71 رنز بنائے


Sports Desk February 27, 2014
سیمی فائنل میں آسٹریلیا 80 رنز سے ناکام، ربادا کی6 وکٹیں، فورٹیون نے 71 رنز بنائے۔ فوٹو: آئی سی سی/فائل

QUETTA: انڈر 19 ورلڈ کپ میں ٹرافی حاصل کرنے کیلیے پاکستان کو ہفتے کے روز جنوبی افریقہ کا چیلنج درپیش ہوگا، اس نے گذشتہ روز آسٹریلیا کو80 رنز سے شکست دے کر فائنل میں قدم رکھ دیا، پیسر کیگیسو ربادا کو 25 رنز کے عوض 6 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے تین مرتبہ کی چیمپئن اور گذشتہ ایڈیشن کی فائنلسٹ آسٹریلیا کو 80رنز سے ٹھکانے لگا دیا، ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے والی پروٹیز ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 230رنز جوڑے،کلائیڈ فورٹیون نے سب سے زیادہ71رنز بنائے، اوپنر ایڈین میکرم 45 اور یاسین ولی31رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بلی اسٹینلیک، بین ایشکینزی اور میتھیوشارٹ نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، کینگروز کی ہمت 42.2 اوورز میں 150 رنز پر جواب دے گئی، جیک ڈوران (36) اور الیکس گریگوری(31) کے بعد جیمز بیزلی نے22 رنز بناکر کچھ مزاحمت کی، رائٹ آرم سیاہ فام پیسر کیگیسو ربادا نے25رنز دے کر6کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، کولن بوش کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔کلاسیفیکیشن میچز میں اسکاٹ لینڈ نے نمیبیا کو 5رنز سے ہرایا، کینیڈا نے پاپوا نیوگنی کو 11رنز سے مات دے دی، یہ ایونٹ میں اس کی پہلی فتح ثابت ہوئی۔