مفتاح اسماعیل کو وزیر خرانہ کا قلمدان سونپ دیا گیا

ویب ڈیسک  بدھ 20 اپريل 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)

(فوٹو: ٹوئٹر)

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماء مفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مفتاح اسماعیل کو آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 9 کے تحت وفاقی وزیر خزانہ بنایا گیا ہے، جس کے تحت غیر منتخب رکن 6 ماہ کیلئے وفاقی وزیر بنایا جاسکتا ہے تاہم 6 ماہ کے اندر حکومت رکن کو قومی اسمبلی یا سینٹ کا رکن بنانے کی مجاز ہوگی۔

اس سے قبل گزشتہ پی ٹی آئی دور حکومت میں شوکت ترین عبوری طور پر 6 ماہ کے لیے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں الیکشن لڑوا کر رکن اسمبلی منتخب کروایا تھا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے پانچ وزراء کو ابھی تک وزارتوں کا قلمدان نہیں دیا گیا ہے، ان وزراء کو وزیراعظم شہباز شریف مشاورت کے بعد کل تک وزارتیں سونپ دیں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

نو منتخب حکومت کی وزارتیں ابھی خالی ہیں ان میں پاور، پٹرولیم اکنامک افیرز بین الصوبائی رابطہ، کلچرل ہیریٹیج سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

کابینہ میں جن چار وزراء نے حلف اٹھایا ہے ان میں ایاز صادق، ریاض پیرزادہ، مرتضی جاوید عباسی، خرم دستگیر شامل ہیں جبکہ جاوید لطیف نے حلف نہیں اٹھایا ہے۔

دو مشیران جنہوں نے اب تک حلف نہیں اٹھایا ان میں امیر مقام اور عون چوہدری شامل ہیں جبکہ زرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر رانا تنویر وزارت تعلیم کا قلمدان نہیں لینا چاہتے تھے اور وہ اس سے ناخوش تھے تاہم پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ان کو راضی کرلیا۔

ذرائع نے مزید کہا کہ مینگل گروپ کیلئے کابینہ میں ایک وزیر کی گنجائش موجود ہے جبکہ محسن داوڑ کے متعلق فیصلہ ہونے کے بعد ان کو کابینہ میں شامل کرلیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔