اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس سونے کی درآمد پر پابندی میں 20 مارچ تک توسیع

دولت پور، خضدار، سانگی، حبیب آباد، کندیاں اور نورنگ نئے آئل ڈپو بنائے جائیں گے،اجلاس میں فیصلہ


Numainda Express February 27, 2014
وزیرخزانہ اسحاق ڈار اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔فوٹو:اے پی پی

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں6ڈپونان انٹرنل فریٹ ایکوئلائزیشن میکانزم ڈپوؤں کو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بحال کرنے کی مشروط منظوری دے دی ہے جبکہ سونے کی درآمد پر عائد عارضی پابندی میں بھی20مارچ تک توسیع کردی ہے۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس گزشتہ روزوفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ہوا،جس میں6نئے آئل ڈپوقائم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ای سی سی نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات ان6نان انٹرنل فریٹ ایکوئلائزیشن میکانزم(آئی ایف ای ایم)آئل ڈپووںکوسپلائی کی جائیگی اوروفاقی حکومت ان آئل ڈپوئوں کوپٹرولیم مصنوعات کی سپلائی پرکسی قسم کا مالی بوجھ برداشت نہیں کرے گی اس کے علاوہ اجلاس میں ای سی سی نے انٹرنل فریٹ ایکوئلائزیشن میکانزم کے غلط استعمال اور ڈمپنگ کوروکنے کیلیے نظام متعارف کروانے کی ہدایت کی ہے جبکہ یہ آئل ڈپودولت پوری،خضدار،سانگی،حبیب آباد ، کندیاں اورنورنگ میں قائم ہونگے۔

اجلاس میں ای سی سی نے سونے کی درآمدپرعائدعارضی پابندی میں بھی20مارچ تک توسیع کردی،اسحاق ڈارنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں اوران کی صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے جوملکی معیشت کیلیے صحت منداشارہ ہے مارچ کے آخرتک یہ ذخائردہرے ہندسے تک پہنچ جائیں گے جبکہ ای سی سی کوبتایاگیاکہ ملک میں گندم کے وافرذخائرموجودہیں جبکہ 2.3 ملین ٹن چینی اور تقریباً 20 روز کے پٹرولیم مصنوعات کے ذخائربھی موجودہیں۔اجلاس میں وفاقی وزرا شاہد خاقان، خرم دستگیر،زاہدحامد،احسن اقبال،غلام مرتضی جتوئی،سکندربوسن اور متعلقہ وزارتوںکے سیکریٹریزسمیت اعلی حکام شریک ہوئے۔