نجی اسپتال سے نومولود بچے کے اغوا میں ملوث دو بہنیں گرفتار

ملزمہ حمیرا نے اغوا ہونے والے بچے کی ہی رپورٹ تھانے میں درج کرائی اور کہا کہ اس کا بچہ اغوا ہوگیا ہے، پولیس


ویب ڈیسک April 22, 2022
ملزمہ حمیرا نے اغوا ہونے والے بچے کی ہی رپورٹ تھانے میں درج کرائی اور کہا کہ اس کا بچہ اغوا ہوگیا ہے، پولیس۔ فوٹو:فائل

گلبرگ کے نجی اسپتال سے نومولود کے اغوا میں ملوث دو بہنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 17 اپریل کو کراچی کے علاقے گلبرگ کے نجی اسپتال سے نومولود بچے کے اغوا کا معاملہ سامنے آیا تھا، ورثا کے مطابق سفید کوٹ میں ملبوس ایک خاتون بچے کو وارڈ منتقلی کا کہہ کر لے گئی تھی، تاہم بعد میں انکشاف ہوا کہ بچہ اغوا ہوگیا ہے، پولیس نے بچے کے اغوا میں ملوث دو بہنوں کو بلدیہ ٹاؤن سے گرفتار کرلیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں اسپتال سے نومولود اغوا

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمہ حمیرا نے تھانے میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ اس کا بچہ اغوا ہوگیا ہے، پولیس نے کارروائی کا غاز کیا اور مدعی کی نشاندہی پر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا تو معاملہ جھوٹا نکلا، ملزمہ کی بہن کنول مغوی بچے کو گلبرگ لے جاچکی تھی، اور درحقیقت دونوں بہنوں کے پاس وہی بچہ تھا جو گلبرگ کے نجی اسپتال سے اغوا کیا گیا تھا۔

تحقیقات میں پتہ چلا کہ ملزمہ کنول نے گلبرگ کے علاقے میں ایک کچرا چننے والے کو بچہ دیا اور اسے بچہ پولیس کے حوالے کرنے کے لیے کہا، بچہ فوری طور پر برآمد نہیں ہوسکا، کچرا چننے والے کی تلاش جاری ہے، جب کہ دونوں ملزمہ بہنوں کو اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔

مقبول خبریں