باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، جے یوآئی کے رہنما مفتی بشیر جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 26 اپريل 2022
جے یو آئی کے مفتی بشیر ٹارگٹ کلنگ میں ہلاک

جے یو آئی کے مفتی بشیر ٹارگٹ کلنگ میں ہلاک

 پشاور: باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء و سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی مفتی بشیر جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کی ایجنسی باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے تنی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں جے یو آئی ف کے رہنما جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے مفتی بشیر شدید زخمی ہوئے،جنہیں علاج کےلیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال خار منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے یہ چوتھے رہنما ہیں جنہیں ٹارگٹ کلنگ میں قتل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل مفتی سلطان محمد، قاری الیاس اور مفتی شفیع اللہ کو بھی ٹارگٹ حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔