ویرت کوہلی نے ریکارڈ بک پر جگہ بنانا شروع کردی

زیادہ ون ڈے سنچریاں اسکور کرنے والوں کی فہرست میں برائن لارا کو جوائن کرلیا


Sports Desk February 28, 2014
زیادہ ون ڈے سنچریاں اسکور کرنے والوں کی فہرست میں برائن لارا کو جوائن کرلیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارتی بیٹسمین ویرت کوہلی نے ریکارڈ بک پر اپنی جگہ بنانا شروع کردی، انھوں نے بنگلہ دیش سے ایشیا کپ میچ میں 136 رنز اسکور کیے، یہ ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیاب تعاقب میں ان کی 12 ویں سنچری ہے۔

اس معاملے میں صرف ٹنڈولکر ان سے آگے ہیں جنھوں نے 14 مرتبہ سنچری کی مدد سے ٹیم کو ہدف تک پہنچانے میں کردار ادا کیا، یہ کوہلی کی مجموعی طور پر 19 ویں سنچری بنی، ان میں سے 13 انھوں نے ٹیم کے بعد میں بیٹنگ کے دوران بنائیں، اس معاملے میں بھی ٹنڈولکر ان سے 4 سنچریاں آگے ہیں۔ کوہلی نے سب سے زیادہ ایک روزہ سنچریاں اسکور کرنے والوںکی فہرست میں برائن لارا کو جوائن کرلیا، صرف7 بیٹسمینوں نے ان سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنائی ہیں، انھوں نے کرس گیل کا تیز رفتاری سے 19 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی 55 اننگز کے فرق سے توڑ دیا، اس میچ میں بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم نے بھی سنچری اسکور کی، یہ دوسرا موقع ہے جب ایک میچ میں دونوں کپتانوں نے یہ اعزاز پایا ہو، اس سے قبل گذشتہ برس ڈبلن میں آئرلینڈ کے ولیم پورٹرفیلڈ اور انگلینڈ کے ایون مورگن نے تھری فیگر اننگز کھیلی تھیں۔