منظور وسان کے حلقے میں 10239 جعلی ووٹ ڈالے گئے نادرا

پی ایس 32میں صرف28 ہزارووٹوں کی تصدیق ہوسکی، 200صفحات کی رپورٹ میں انکشاف


Staff Reporter February 28, 2014
الیکشن ٹریبونل نے اعتراضات داخل کرنے کیلیے فریقین کو یکم مارچ تک مہلت دیدی۔ فوٹو: فائل

سندھ کے وزیر برائے جیل خانہ جات منظور وسان کے انتخابی حلقے پی ایس32 میں عام انتخابات میں ڈالے گئے 61 ہزار میں سے صرف 28 ہزار ووٹوں کی تصدیق ہوسکی جبکہ غیر معیاری سیاہی کے باعث22 ہزار 525 ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوسکی، 10 ہزار239 ووٹ جعلی نکلے۔

یہ انکشاف نادرا نے الیکشن ٹریبونل کراچی میں سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 32 کے حوالے سے ووٹوں کی تصدیقی رپورٹ میں کیا ہے، الیکشن ٹریبونل کراچی نے فنکشنل لیگ کے امیدوار میر شاہنواز خان تالپور کی جانب سے دائردرخواست پر متعددپولنگ اسٹیشنوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی تصدیق کے لیے انتخابی مٹیریل نادرا کو فراہم کیا گیا تھا۔ جس میں اسٹیٹمنٹ آف کائونٹ،کائونٹر فائل اور بیلٹ پیپرپر انگوٹھوں کے نشانات اور دیگر تفصیلات شامل تھیں۔

4 ماہ بعد جمعرات کو الیکشن ٹریبونل میں پیش کی گئی رپورٹ میں نادرا نے بتایا کہ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس3 2 کے پولنگ اسٹیشنوں پر61 ہزار 307ووٹوں کی جانچ پڑتال کی گئی جن میں صرف 28ہزار 295 ووٹوں کی تصدیق ہو سکی جبکہ غیر معیاری سیاہی کے باعث 22 ہزار 525 ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوسکی، 10 ہزار 239 ووٹ جعلی نکلے اور 248 ووٹوں کا کائونٹر فائل پر اندراج نہیں ہے ۔200 سے زائد صفحات پر مشتمل رپورٹ میں انکشاف کیا گیاکہ مختلف پولنگ اسٹیشنوں میںدرجنوں افراد نے ایک سے زائد ووٹ ڈالے۔ پی ایس 32 میں11 مئی کے انتخابات میںپیپلز پارٹی کے امیدوار منظورحسین وسان 43 ہزار 428 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے تھے جبکہ فنکشنل لیگ کے امیدوار میرشاہنوازتالپور33 ہزار 328 ووٹ لے کردوسرے نمبر پر رہے تھے۔ الیکشن ٹریبونل نے فریقین کو نادر ا رپورٹ پر اعتراضات داخل کرانے کے لیے یکم مارچ تک وقت دیا ہے۔