عیدالفطر آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملک و قوم کی خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں


ویب ڈیسک May 03, 2022
(فوٹو: فائل)

ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، عید کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عیدالفطر آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر عید کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جب کہ اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

یہ پڑھیں : خیبر پختونخوا میں پیر کو عید الفطر کا انعقاد

عید کے اس پُرمسرت موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ وہ اس مبارک دن کو تمام پاکستانیوں اور عالم اسلام کے لیے خوشیوں اور آسانیوں کا سبب بنائے، اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ اس نے ہمیں بھرپور طریقے سے رمضان المبارک میں اجتماعی عبادت کرنے کا موقع اور توفیق عطا فرمائی۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج عید الفطر کے پُرمسرت لمحات میں ہم اس توفیق پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجالا رہے ہیں اور خوشی و مسرت کا اظہار کر رہے ہیں،

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عید الفطر کا دن اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی طرف سے بخشش، رحمت اور عفو و درگزر کا دن ہے، یہ دن خوشیاں بانٹنے اور اپنے معاشرے کے محروم طبقے کے لیے ایثار و قربانی کا دن ہے، ضرورت مندوں، ناداروں، غریبوں اور محتاجوں کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہونے کا موقع فراہم کریں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے بعد لودھراں میں بھی عید کے اجتماعات

صدر مملکت نے کہا کہ عید کی حقیقی خوشی تب ہی مل سکتی ہے جب ہم دوسروں کو بھی اپنی خوشی میں شریک کریں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ عبادت، ضبطِ نفس اور ایثار و قربانی کو ہماری شخصیت اور کردار کا حصہ بنائے، اللہ ہمیں نہ صرف اپنی ذات بلکہ ملک و قوم کی فلاح و ترقی کا سبب بنائے، اللہ ہمیں ملکی سالمیت و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عید پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر رب کریم کی بے پناہ عنایات کا مظہر ہے۔ رمضان المبارک میں صبر، ایثار اور قربانی نے ہمیں دوسروں کی تکالیف کا جو احساس عطا کیا جس کا تقاضا ہے کہ عید کی خوشیوں میں اپنے ارد گرد کے تمام نادار و مفلس، ضرورت مند افراد اور خاندانوں کا خاص خیال رکھیں۔ یہ عمل ہی اس دن کی حقیقی روح اور نبی رحمت خاتم النبیین ﷺ کا پیغام ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف جاتی امرا میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد لیگی کارکنوں اور عام لوگوں سے عید بھی ملے اور انہیں گلے لگا کر مبارکباد دی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان اس وقت شدید معاشی خطرات میں گھرا ہوا ہے۔ قوم کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ عوام کی تکلیف کا احساس کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں۔ عوام آنے والے دنوں میں ملکی حالات میں بہتری دیکھیں گے۔

مقبول خبریں