بلند عزائم پاکستانی ویمنز کرکٹرز کی بنگلہ دیش آمد

کپتان عمدہ کھیل پیش کرنے کیلیے پراعتماد، میزبان سے پہلا ون ڈے کل ہوگا


Staff Reporter/Sports Desk March 03, 2014
کپتان عمدہ کھیل پیش کرنے کیلیے پراعتماد، میزبان سے پہلا ون ڈے کل ہوگا۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

لاہور: میزبان ٹیم کیخلاف سیریز اور ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش پہنچ گئی۔

کپتان ثنامیر کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ سے قبل مقابلوں میں کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا اچھا موقع ملے گا، ورلڈ کپ میں زیادہ سے زیادہ میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔تفصیلات کے مطابق میزبان بنگلہ دیش کے خلاف سیریز اور 20ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے پاکستان ویمنز ٹیم اتوار کو علی الصبح روانہ ہوئی،لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ سے رخصت ہونے والے 15 رکنی اسکواڈ میں کپتان ثنامیر، نائب کپتان بسمعہ معروف، سیدہ نین فاطمہ عابدی،ندا رشید ،جویریہ ودود، وکٹ کیپر سیدہ بتول فاطمہ نقوی،اسماویہ اقبال کھوکھر،قنیطہ جلیل،سمیعہ صدیقی، سعدیہ یوسف ، ناہیدہ بی بی، ثانیہ اقبال، سدرہ امین اور مرینہ اقبال شامل ہیں۔ روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان ثنا میر نے کہا کہ انگلینڈ اور دوحا کے ٹورز سے اچھا تجربہ حاصل ہوا، بولنگ اور فیلڈنگ کافی اچھی ہے، بیٹنگ میںبھی مسلسل بہتری آرہی ہے،دورۂ بنگلہ دیش کیلیے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے، ہر پلیئر اپنا انتخاب درست ثابت کرنے کیلیے تیار ہے، پوری تیاری کے ساتھ جارہے ہیں،اس وقت ہماری ساری توجہ کارکردگی مزید بہتر کرنے پر ہے۔

بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں ورلڈ کپ کی تیاری اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا اچھا موقع ملے گا،میگا ایونٹ میں زیادہ سے زیادہ میچز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ یاد رہے کہ گرین شرٹس کو میزبان ٹیم کیخلاف 2 ون ڈے اوراتنے ہی ٹوئنٹی20 میچوں پرمشتمل سیریز کھیلنا ہے۔ پہلا ایک روزہ مقابلہ 4 مارچ کو ہوگا، دوسرا 6 مارچ کو شیڈول ہے۔ ٹوئنٹی 20 سیریز کا پہلا مقابلہ 8 مارچ،دوسرا 10 کو ہوگا۔ اس کے بعد قومی ویمنز ٹیم ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریاں شروع کریگی۔ گرین شرٹس وارم اپ میچ میں 18 مارچ کو انگلینڈ کے مقابل ہونگی، 20 مارچ کو میزبان بنگلہ دیش کیخلاف صلاحیتیں جانچے کا موقع ملے گا۔ میگا ایونٹ کا آغاز 23 مارچ سے ہوگا۔ گروپ اے میں شامل پاکستانی ٹیم افتتاحی روز جنوبی افریقہ کے مقابل ہوگی۔ ثنا میر الیون اپنا دوسرا میچ 27 مارچ کو نیوزی لینڈ کے ساتھ کھیلے گی، آسٹریلیا سے مقابلہ29 مارچ کو ہوگا، گرین شرٹس اور آئرلینڈ کی پنجہ آزمائی 31مارچ کو ہوگی۔