سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے قومی خواتین کرکٹ اسکواڈز کا اعلان

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 18 مئ 2022
وکٹ کیپر گل فیروزہ اور لیگ اسپنر طوبہٰ حسن کو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے فوٹو: اے ایف پی

وکٹ کیپر گل فیروزہ اور لیگ اسپنر طوبہٰ حسن کو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے فوٹو: اے ایف پی

 لاہور: کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کےخلاف 24 مئی سے شروع ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ اسکواڈز کا اعلان کردیا۔ وکٹ کیپر بلے باز گل فیروزہ اور لیگ اسپنر طوبہٰ حسن کو قومی خواتین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ملتان اور لاہور سے تعلق رکھنے والی بالترتیب گل فیروزہ اور صدف شمس کو 15 رکنی قومی خواتین ایک روزہ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

سیریز میں شامل تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، 3 اور 5 جون کو کھیلے جائیں گے۔

ویمنز چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ اور کپتان بسمہ معروف سے مشاورت کے بعد دونوں اسکواڈز کا انتخاب کیا۔ انہوں نے 9 مئی سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری پری سیریز کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد اسکواڈ کا انتخاب کیا۔

کپتان بسمہ معروف، فاطمہ ثناء، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ بھی دبئی میں فیئر بریک انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی ایونٹ میں شرکت کے بعد کراچی پہنچ گئی ہیں۔ یہ چاروں کھلاڑی 21 مئی بروز ہفتہ سے اسکواڈ کو جوائن کریں گی۔

دوسری جانب سری لنکا کے خلاف لگایا جانے والا پری سیریز کیمپ آج مکمل ہوجائے گا۔

ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال اور طوبہ حسن۔

ون ڈےانٹرنیشنل سکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، غلام فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔