لیڈی کانسٹیبل اقراء قتل کیس میں نیا موڑ، ایس پی سمیت چاروں ملزمان غائب

ویب ڈیسک  جمعـء 20 مئ 2022
صبح تک ملزمان فون پر رابطے میں تھے اچانک انکے نمبرز بند ہوگئے، وکیل

صبح تک ملزمان فون پر رابطے میں تھے اچانک انکے نمبرز بند ہوگئے، وکیل

 اسلام آباد: لیڈی کانسٹیبل اقراء قتل کیس میں نیا موڑ آگیا اور ایس پی سمیت چاروں ملزمان غائب ہوگئے۔

اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ ایس پی عارف شاہ سمیت چاروں ملزمان کے وکلا نے اپنے موکلوں کے غائب ہونے کی درخواست دیدی۔

ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان نے ایس پی عارف شاہ سمیت چار ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ موخر کر دیا۔ وکیل نے بتایا کہ صبح تک ملزمان فون پر رابطے میں تھے اچانک انکے نمبرز بند ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کانسٹیبل اقراء قتل کیس؛ ایس پی ٹریفک کو عہدے سے ہٹادیا گیا

جج نے وکیل کو ہدایت کی کہ ضمانت کی سادہ درخواست واپس لے جائیں اور چاروں ملزمان کی الگ الگ درخواستیں دیکر بیان حلفی ساتھ لگائیں۔

عدالت نے ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں وفاقی پولیس کی جواں سال لیڈی کانسٹیبل اقراء نذیر کی پراسرار اور مشکوک حالات میں موت ہوئی ہے۔ ایس پی ٹریفک عارف شاہ سمیت  ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔