ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو مدعی نے شناخت کرلیا

ملزمہ شازیہ اور ملزم سعید کا گھر میں ڈکیتی کا اعتراف،عدالت نے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔


Staff Reporter September 13, 2012
ملزمہ شازیہ اور ملزم سعید کا گھر میں ڈکیتی کا اعتراف،عدالت نے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ فوٹو: فائل

ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ملزمہ شازیہ اور ملزم سعید کو مدعی نے شناخت کرلیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی دو عدالتوں نے ڈکیتی اسلحہ ایکٹ کے الزام میں ملوث مذکورہ ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے، پبلک پراسیکیوٹر محمد علی خان کے مطابق ملزمہ نے شوہر فیاض احمد کی مارپیٹ اور ظلم سے تنگ آکر طلاق حاصل کرلی تھی، بعدازاں اس نے گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت اختیار کرلی، فیکٹری میں ملزمان سے ملاقات ہوئی ، عیاشی اور دولت حاصل کرنے کیلیے انھوں نے ڈکیتی کا منصوبہ بنایا، لاکھوں کی ڈکیتی کامیاب ہوئی تو حوصلہ بڑھ گیا۔

ملزمہ پانی پینے کے بہانے گھروں میں داخل ہوتی اور اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بناکر اپنے دیگر ساتھیوں کو بلواکر لوٹ مارکرتی تھی تاہم شاہ فیصل کالونی کے رہائشی ارسلان کے گھر میں ڈکیتی کے دوران انھیں پکڑ لیا گیا تھا، اسی اثنا میں ان کے دیگر دو ساتھی نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تاہم دیگر لوٹا ہوا مال پولیس نے برآمد کرلیا تھا، دوران تفتیش کھوکھرا پار کے رہائشی تسنیم کے گھر میں ڈکیتی کا اعتراف کیا، عدالت میں مدعی نے دونوںکو شناخت کیا تھا۔