سری لنکن ٹیم کو ہرگز آسان نہیں لیں گے، بسمہ معروف

اسپورٹس رپورٹر  پير 23 مئ 2022
کراچی میں ساؤتھ اینڈ کلب پر کپتان بسمہ معروف کی پریس کانفرنس۔ فوٹو : پی سی بی ٹویٹر

کراچی میں ساؤتھ اینڈ کلب پر کپتان بسمہ معروف کی پریس کانفرنس۔ فوٹو : پی سی بی ٹویٹر

 کراچی: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ حریف ٹیم کو ہرگز آسان نہیں لیں گے جبکہ قومی ٹیم کو فٹنس کے مسائل کے ساتھ پاور ہٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔

کراچی میں ساؤتھ اینڈ کلب پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف اچھی تیاری کی ہے اور موسم گرم ہونے کے باوجود کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی۔

انہوں نے کہا کہ سیریز میں نوجوان کرکٹرز کو اعتماد دینے کی کوشش کریں گے، امید ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گا، حریف ٹیم کو ہرگز آسان نہیں لیں گے۔

بسمہ معروف نے کہا کہ قومی ویمن ٹیم میں اختلافات کی باتیں درست نہیں، جویریہ خان کے عدم انتخاب پر سلیکشن کمیٹی ہی بہتر جواب دے سکتی ہے، جوریہ خان اور دیگر کھلاڑیوں پر دروازے بند نہیں ہوئے وہ محنت کرکے قومی ویمن ٹیم میں دوبارہ جگہ بنا سکتی ہیں۔

قومی ویمن ٹیم کی کپتان نے کہا کہ پاکستان ویمن کرکٹ کو اچھے ٹیلنٹ کی ضرورت ہے، انٹرنیشنل اور پاکستان کی ڈومیسٹک ویمن کرکٹ میں بہت فرق ہے، اچھی بات یہ ہے کہ نئی کرکٹرز سامنے آرہی ہیں، ویمن پی ایس ایل اور زیادہ سے زیادہ ڈومیسٹک مقابلے اچھا ٹیلنٹ فراہم کر سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔