عمران نیازی نے جمہوریت کا گورکن بننے کی کوشش کی تو قانون اس سے نمٹے گا، وزیرداخلہ

ویب ڈیسک  پير 23 مئ 2022
شرافت کے دائرے سے جو نکلے گا، قانون اسے شرافت کے دائرے میں واپس لائے گا، وزیرداخلہ (فوٹو:فائل)

شرافت کے دائرے سے جو نکلے گا، قانون اسے شرافت کے دائرے میں واپس لائے گا، وزیرداخلہ (فوٹو:فائل)

 اسلام آباد: وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عمران نیازی نے جمہوریت کا گورکن بننے کی کوشش کی تو قانون اس سے نمٹے گا۔

پی ٹی آئی کے 25 جون کو لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت تباہ کرنے والامارچ کا اعلان کرکے معیشت کی بحالی روکنے نکلا ہے، جسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جتھے اور غنڈہ گردی برداشت نہیں کی جائے گی، عمران نیازی جھوٹا ہے اور اس کی زبان اور خمیر میں انتشار اورفساد ہے وہ پرامن نہیں رہ سکتا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ 2014 میں 126 دن غنڈہ گردی کی گئی، پارلیمنٹ، سرکاری عمارتوں پر حملے ہوئے، عدلیہ کی دیواروں پر شلواریں لٹکائیں گئیں، قبریں کھودیں گئیں،  2014 میں بھی اس نے جھوٹ بولا تھا، یوٹرن نیازی پر کسی کو اعتبار نہیں، عمران نیازی نے جمہوریت کا گورکن بننے کی کوشش کی تو قانون اس سے نمٹے گا، شرافت کے دائرے سے جو نکلے گا، قانون اسے شرافت کے دائرے میں واپس لائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔