کیپ ٹاؤن ٹیسٹآسٹریلیا نے جنوبی افریقہ پرشکنجہ کس دیا

جونسن اور ریان ہیرس کی تباہ کن بولنگ، میزبان سائیڈ287 سے آگے نہ بڑھ پائی


AFP/Sports Desk March 04, 2014
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقی بیٹسمین الویرو پیٹرسن سوئپ شاٹ کھیل رہے ہیں، انھوں نے مشکل وقت میں 53 رنز بناکر آسٹریلیا کیخلاف ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، سیریز فی الحال ایک ، ایک سے برابر ہے ۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ پرشکنجہ کس دیا، مچل جونسن اور ریان ہیرس کی تباہ کن بولنگ نے میزبان سائیڈ کو287 سے آگے نہ بڑھنے دیا۔

جونسن نے 4 اور ہیرس نے 3وکٹیں لیں،207 رنزکی برتری پانے والے کینگروز نے تیسرے دن کے اختتام پر دوسری باری میں بغیر وکٹ کھوئے 27 رنز جوڑ کر مجموعی سبقت 234 کرلی۔ تفصیلات کے مطابق میچ کے تیسرے دن مہمان پیسرز مچل جونسن اور ریان ہیرس چھائے رہے، فاف ڈوپلیسی(67) اور ورنون فلینڈر(37 ناٹ آؤٹ) کے درمیان ساتویں وکٹ کیلیے 95رنز کی شراکت اہم رہی، اس سے قبل اوپنر الویرو پیٹرسن53 اور ہاشم آملا 38رنز بناکر نمایاں رہے، اختتامی لمحات میں ڈیل اسٹین نے 27 گیندوں پر28 رنز جوڑ کر ٹیم کو فائدہ پہنچایا، کپتان گریم اسمتھ 5 اور جین پال ڈومنی 4رنز بناکر میدان بدر ہوئے، مچل جونسن نے 42 رنزدے کر4 وکٹیں لیں، ریان ہیرس نے 3وکٹوں کیلیے63 رنز دیے۔

میزبان ٹیم کی پہلی اننگز287 پر تمام ہوئی، آسٹریلوی کپتان کلارک نے207 رنزکی برتری ملنے کے باوجود پروٹیز کو فالو آن نہ کرانے کا فیصلہ کیا،کینگروز نے تیسرے دن کے اختتام پر دوسری باری میں بغیر کسی نقصان 27 رنزجوڑکرمجموعی سبقت 234 کرلی، ڈیوڈ وارنر25 اور کرس روجرز 1 رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز کو دوسرے دن کے اسکور 7 وکٹ 494رنز پر ڈیکلیئرڈ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔