قانونی گیند کے بغیر 8 رنز عبدالرحمان کا ’’منفرد‘‘ ریکارڈ

بنگلہ دیش کیخلاف مسلسل 3 بیمرز کرانے پر اسپنر کو امپائر نے بولنگ سے روک دیا۔


Sports Desk March 05, 2014
بنگلہ دیش کیخلاف مسلسل 3 بیمرز کرانے پر اسپنر کو امپائر نے بولنگ سے روک دیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

عبدالرحمان نے پلیئنگ الیون میں واپسی کو ''یادگار'' بنالیا، بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں مسلسل 3 بیمرزکرانے پرامپائر نے بولنگ سے روک دیا۔

پاکستانی اسپنر کا ایشیا کپ میں پہلا اوور آخری ثابت ہوا، بغیر کسی قانونی گیند کے 8 رنز کا تحفہ دینے والے پہلے بولر بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں پہلی بار پاکستان کی پلیئنگ الیون میں جگہ بنانے والے عبدالرحمان بنگلہ دیش سے میچ کے دوران اپنے پہلے ہی اوور میں لائن اور لینتھ دونوں بھول گئے، اسپنر نے مسلسل 3 بیمرز کیں جس پرامپائر نے انھیں بولنگ سے روک دیا۔ عبدالرحمان کی امر القیس کو پہلی گیند ہاتھ سے سلپ ہوئی جسے وکٹ کیپر عمر اکمل نے بڑی مشکل سے قابو کیا، فیلڈ امپائر جوہان کولیٹے نے اسے نوبال قراردیدیا، اسپنر نے دوسری گیند فل ٹاس پھینکی جس پر ڈیپ مڈ وکٹ پر صہیب مقصود نے امر القیس کا کیچ بھی لے لیا لیکن امپائر نے تھرڈ امپائرسے مشاورت کی، جنھوں نے گیند کمر سے اونچی ہونے کی وجہ سے اسے بیمرقرار دیدیا۔

انھوں نے کپتان مصباح الحق سے بات کرنے کے بعد تھوڑی لچک دکھاتے ہوئے بولر کودوبارہ بیمر نہ کرانے کی وارننگ کے ساتھ بولنگ کی اجازت دیدی۔ عبدالرحمان نے تیسری گیند بھی بیمر پھینکی جسے انعام الحق نے بائونڈری کے پار پہنچادیا، امپائر نے ان کو فوری طور پر بولنگ سے روک دیا، یوں اسپنر نے بغیر کوئی قانونی گیند پھینکے 8رنز دینے کا منفی ریکارڈ اپنے نام کے آگے درج کرالیا۔اس سے قبل کینیا کے کولنز اوبویا5 رنز کے ساتھ ریکارڈ ہولڈر تھے، اسپنر کو بولنگ سے روکے جانے کے بعد مصباح الحق نے فواد عالم سے اوور کرایا۔ یاد رہے کہ آئی سی سی کی پلیئنگ کنڈیشنزکے مطابق اگر کوئی بولر ایک سے زائد بار بیٹسمین کی کمرکے اوپر بیمرگیند کرے تواسے بولنگ سے روک دیا جاتا ہے۔

مقبول خبریں