ترکی سے غیرقانونی سرگرمیوں و انسانی اسگلنگ میں ملوث دو پاکستانی گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 2 جون 2022
ایف آئی اے

ایف آئی اے

انقرہ/اسلام آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ترکی میں غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث دو پاکستانیوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اور ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم دو پاکستانیوں کے خلاف کارروائی عمل میں آئی ہے۔

ملزمان محمد جنید اور امیر خان کو دو الگ الگ کاروائیوں کے دوران گرفتار کیاگیا، دونوں ملزمان پر ترکی میں خواتین کی مبینہ ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے اور پاکستان کو بدنام کرنے کا الزام ہے۔

ترکی کی جانب سے دونوں ملزمان کو غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور غیرقانونی طور پر مقیم ہونے پر ملک سے ڈی پورٹ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پاکستانی سے ترکی میں انسانی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی نوٹس لیکر ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے احکامات دئیے گئے ہیں۔

ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفیش شروع کردی ہے، جب کہ دیگر ملوث عناصر و انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔