کسان کے قاتل وڈیرے کو پھانسی اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا

ملزم ذوالفقار علی نے بہادرآباد میں اپنے ملازم لعل محمد کو تلخ کلامی پر کلاشنکوف سے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا


Staff Reporter March 06, 2014
ذوالفقار نے لاش گاؤں لیجاکر ورثا کے حوالے کی اوردھمکیاں دیں، وڈیرے کے 3 ملازمین کوشریک جرم ہونے پر7 برس قیدو جرمانہ۔ فوٹو: فائل

لاہور: عدالت نے میرپور کے گاؤں کچیلو کے وڈیرے کو کسان کے قتل کے جرم پھانسی اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی، وڈیرے کے 3 ملازمین کو شریک جرم پر7برس قیدوجرمانے کی سزا سنائی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی ارشد نور خان نے قتل کے الزام میں ملوث میرپورکے زمیندار ذوالفقار علی کچیلو کو جرم ثابت ہونے پر پھانسی اور10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ،شریک ملزمان عبدالرحیم عرف رحمن ، ہرچند منیگھوار اورگھینسوں منیگھوار نے جرم کوچھپانے میں مجرم کی مدد کی تھی،جرم چھپانے کے الزام میں تینوں ملزمان کو 7برس قید اورفی کس ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، تینوں مجرموں کوجرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید ایک برس جیل میں رہنا ہوگا،چاروں مجرم ضمانت پر تھے ، فاضل عدالت نے ان کی ضمانت منسوخ کر کے جیل بھیج دیا ،استغاثہ کے مطابق وڈیرے کے گائوں کچیلوکے فام ہاوس میں ملازم لعل محمد اور مدعی محمد عباس کو 5جون 2010 کو وڈیرے ذوالفقار علی کے منیجرعبدالرحیم عرف رحمن نے بہادرآباد کے علاقے میں واقع بنگلے پر کام کرنے کیلیے بلوالیا تھا۔

مقتول بنگلے میں مالی کا کام کرتا تھا،7جون کو وڈیرے نے لعل محمد کو کہا کہ وہ کام درست نہیں کرتا اورگالیاں دینا شروع کردیں جس پر مقتول نے اسے گالیاں دینے سے منع کیا ، مالک نے طیش میں آکر اسے کلاشنکوف سے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ،وہ بھائی کی موت اور وڈیرے کے خوف سے فرار ہوکر اپنے گائوں میرپور خا ص آگیا تھا اوراپنے بھائیوں کو تمام حقائق سے آگاہ کیا ، رات کو وڈیرہ اس کے بھائی کی لاش گاڑی میں لایا اورفوری طور پرتدفین کی تلقین کی ،دھمکی دی کہ کسی سے کوئی ذکر نہ کیا جائے اور موقع سے فرار ہوگیا تھا ، بھائیوں نے واقعے کی رپورٹ تھانہ غلام محمد گوٹھ پولیس کو دی، پولیس نے لاش اپنے قبضے میں لی اور مقامی اسپتال سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد لاش ورثا کو دی تھی ،بعدازاں تفتیشی افسر نے تھانہ بہادآباد میں مذکورہ ملزمان کے خلاف مدعی محمد عباس نے مقدمہ درج کرایا تھا ۔