سری لنکا فائنل سے قبل ہتھیاروں کو چمکانے کا خواہاں

ایشیا کپ کے آخری لیگ میچ میں آج بنگلہ دیش سے مقابلہ، مالنگا کو آرام دینے کا امکان


Sports Desk March 06, 2014
ایشیا کپ کے آخری لیگ میچ میں آج بنگلہ دیش سے مقابلہ، مالنگا کو آرام دینے کا امکان۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ایشیا کپ کا آخری لیگ میچ آج کو بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا، آئی لینڈرز فائنل سے قبل ہتھیاروں کو چمکانے کے خواہاں ہیں، پاکستان کیخلاف ہفتے کو شیڈول مقابلے کیلیے تیاری کو جانچا جائیگا، لسیتھ مالنگا کو بڑے میچ کیلیے 'محفوظ' رکھنے کی خاطر آرام دیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب بنگال ٹائیگرز بھی ایونٹ میں واحد فتح ریکارڈ کرانے کی سرتوڑکوشش کرینگے،ٹیم میں 1،2 تبدیلیوں کا امکان موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی ٹیم اب تک ایشیا کپ میں ناقابل شکست رہی،اس نے اپنی راہ میں آنے والی تینوں ٹیموں پاکستان، بھارت اور افغانستان پر فتح پائی اور اب اس کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہے، ہفتے کو پاکستان سے شیڈول فائنل سے قبل مقابلے کی تیاریوں کو جانچا جائیگا، آئی لینڈرز اپنا ناقابل شکست سفر جاری رکھنے کیلیے پُرعزم ہیں، ٹیم نے اس سے قبل 3ون ڈے میچز کی سیریز میں بنگلہ دیش پر کلین سوئپ کیا تھا، اسکے پہلے مقابلے میں تشارا پریرا نے 57 بالز پر 80 رنز جڑے تھے، اس کے بعد وہ اچھا پرفارم نہیں کرپائے، اب سری لنکا فائنل سے قبل ایک بار پھر ان کی فارم بحال ہونے کا منتظر ہے۔

سچترا سینانائیکے کو واپس الیون میں شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ لسیتھ مالنگا کو آرام دیتے ہوئے ان کی جگہ دھمیکا پرساد کو کھلانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم منگل کو پاکستان ٹیم کے ہاتھوں پہنچنے والے صدمے سے نہیں سنبھل پائی،گرین شرٹس ان کے جبڑے سے فتح چھین لے گئے تھے، اس ٹورنامنٹ میں ابھی تک میزبان سائیڈ نے ایک بھی میچ نہیں جیتا، اس کے پاس ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے لیے اپنے حوصلے بہتر بنانے کی خاطر فتح حاصل کرنے کا یہ آخری موقع ہے۔ پاکستان سے میچ میں بنگال ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی تھیں مگر اب بھی 1،2 ردوبدل ممکن ہیں، عرفات سنی کی واپسی متوقع ہے۔ واضح رہے کہ اب تک کمارسنگاکارا 246 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں، اجنتھا مینڈس 7 وکٹیں لے چکے۔