تیسرا ٹیسٹ پروٹیز ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود ناکام

اعصاب شکن مقابلہ، آسٹریلیا آخری لمحات میں سرخرو، سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی


AFP/Sports Desk March 06, 2014
کیپ ٹائون ٹیسٹ اور سیریز میں فتح پر کینگروپلیئرز مسرور، پروٹیز کھلاڑی اسٹین کی مایوس پویلین واپسی۔ فوٹو: اے ایف پی

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پروٹیز ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود ناکامی کا شکار ہوگئے، اعصاب شکن مقابلے میں آسٹریلیا 245 رنز سے سرخرو ہوا،اس نے سیریز 2-1 سے اپنے نام کی۔

اس کیساتھ ہی میزبان کے 14 مسلسل سیریزمیں ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا، کینگروز نے اس سے قبل 2008-09 میں حریف کو 2-1 سے مات دی تھی، دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے اوپنر ڈیوڈ وارنر کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق تیسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے شکست سے بچنے کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا، ہیرس نے ایک اوور میں 2 وکٹیں لے کر آسٹریلیا کو 245رنز سے فتح دلا دی،اس سے قبل فلینڈر اور اسٹین نے 75 منٹ تک حریف بولرز کے سامنے مزاحمت جاری رکھی، ہیرس نے پہلے اسٹین کو ٹھکانے لگایا، انھوں نے 44 گیندوں کا سامنا کرکے ایک رن بنایا، آخری بیٹسمین مورکل (0 )محض 2گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے ، ان کے میدان بدر ہونے پر 27 بالز کا کھیل ہی باقی رہ گیا تھا، اس سے قبل فتح کیلیے 511 کا ناممکن ہدف پانے والی میزبان ٹیم نے پانچویں دن کا آغاز دوسری نامکمل اننگز71-4 سے کیا۔

ڈی ویلیئرز اور نائٹ واچ مین کیل ایبٹ نے ڈیڑھ گھنٹے تک مزاحمت جاری رکھی، ایبٹ 89 گیندوں پر 7 رنز بنانے کے بعد جیمز پیٹنسن کی گیند پر ان سائیڈ ایج پر بولڈ ہوگئے، پال ڈومنی نے ڈی ویلیئرز کے ہمراہ ریسکیو مشن جاری رکھا، دوسری نئی گیند کے بعد پانچویں اوور میں ڈی ویلیئرز، ہیرس کی گیند پر وکٹ کیپر ہیڈن کا کیچ بن گئے، انھوں نے 228 گیندوں کا سامنا کرکے 43رنز اسکور کیے، ڈوپلیسی 47 رنز بناکر چائے کے وقفے سے قبل پارٹ ٹائم لیگ اسپنر اسٹیو اسمتھ کا شکار بن گئے، اگرچہ انھوں نے ریفرل کا سہارا لیا لیکن اس موقع پر کمار دھرماسینا کا ابتدائی فیصلہ ہی درست گرداناگیا، اس کے بعد ورنون فلینڈر مہمان بولرز کے سامنے دیوار بن گئے، انھوں نے 105 گیندوں پر 51 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، ہیرس کے جادوجگانے سے قبل وہ پروٹیز کی امیدوں کو روشن کیے ہوئے تھے، انھوں نے جین پال ڈومنی (43) کے ہمراہ آٹھویں وکٹ کیلیے 73رنز جوڑے، مچل جونسن نے 4 اور ہیرس نے 3 شکار کیے، پیٹنسن کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔