بال ٹیمپرنگ کے الزام سے انگلینڈ کی سیریز فتح کا مزا کرکرا

امپائرز نے غیرقانونی طور پر ساخت تبدیل ہونے کا الزام لگا کر گیند تبدیل کی، کپتان ناخوش


Sports Desk March 07, 2014
امپائرز نے غیرقانونی طور پر ساخت تبدیل ہونے کا الزام لگا کر گیند تبدیل کی، کپتان ناخوش۔ فوٹو: فائل

بال ٹیمپرنگ کے الزام نے انگلینڈ کی سیریز فتح کا مزا کرکرا کر دیا، دوران میچ امپائرز نے غیرقانونی طور پر ساخت تبدیل ہونے کا الزام لگا کر گیند تبدیل کی تھی، اس پر کپتان اسٹورٹ براڈ نے سخت احتجاج بھی کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے بدھ کی شب ویسٹ انڈیزکو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں25رنز سے ہرا کر سیریز2-1 سے اپنے نام کر لی، مگر اس خوشی کا مزا بال ٹیمپرنگ کے الزام نے خراب کر دیا،امپائرز نے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کے دوران یہ کہہ کر گیند تبدیل کر دی کہ اس کی حالت 'غیر قدرتی طریقے سے خراب ہو گئی ہے'۔ بال ٹیمپرنگ کا الزام لگنے کے باوجود انگلینڈ پر پانچ رنز کی پنالٹی عائد نہیں کی گئی۔کپتان اسٹوارٹ براڈ نے اس حوالے سے کہاکہ مجھے اس فیصلے کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آئی اور میں امپائرزکے اقدام پر دنگ رہ گیا ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ون ڈے سیریز کے دوران گیند کھردری اور اس کا تھوڑا سا چمڑا باہر نکل رہا تھا، امپائرز اسی کو ٹیمپرنگ سمجھ بیٹھے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کے سابق کپتان باب ولس نے ٹیم پر سری لنکا کیخلاف2013 کی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں بھی بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کیا تھا۔ براڈ نے کہا کہ مجھے اس بات کا یقین نہیں تھا کہ امپائر ایسا کوئی الزام عائد کریں گے،میں میچ آفیشلزکی جانب سے کھیل میں مداخلت کی وجہ سے کنفیوژ ہو گیا تھاکہ نجانے ایسا کیوں کیا گیا،اس وقت گیند ریورس سوئنگ بھی نہیں کر رہی تھی۔ یاد رہے کہ میچ میں انگلش بیٹسمین جوئے روٹ نے کیریئر کی پہلی انٹرنیشنل سنچری بنائی، جوز بٹلر ایک رن کی کمی سے یہ اعزاز نہ پا سکے، وہ 99 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، دونوں بیٹسمینوں کے درمیان 175 رنز کی شراکت ہوئی، ٹیم نے 6وکٹ پر303 رنز بنائے،جواب میں ویسٹ انڈیز نے 47.4 اوورز میں 278 پر ہتھیار ڈال دیے، دنیش رامدین (128) کی سنچری ٹیم کے کام نہ آ سکی، بریسنن نے تین وکٹیں لیں۔ یاد رہے کہ رواں ماہ بنگلہ دیش میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل انگلش ٹیم اب ویسٹ انڈیز سے اس طرز کے تین میچز کھیلے گی۔