این اے 240 ضمنی انتخاب کیمروں سے پولنگ اسٹیشنز کی نگرانی ہوگی

پرامن ووٹنگ اور بیلٹ باکس کی حفاظت کا سیکیورٹی پلان تیار کرلیا،الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدر


Staff Reporter June 14, 2022
پولنگ اسٹیشن پر سامان کی بروقت ترسیل اور عملے کو ڈیوٹی پر پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی کرلیا ،انور چوہان ۔ فوٹو : فائل

الیکشن کمشنر سندھ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کورنگی کے ضمنی انتخاب کی تیاری مکمل کرلی گئیں۔

الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان اور الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدر نے پیر کے روز کورنگی میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ منعقد اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پرامن ووٹنگ اور بیلٹ باکس کی حفاظت کا سیکیورٹی پلان تیار ہے، پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے، پولیس کے ساتھ ریجرز اہلکار بھی ڈیوٹی دیں گے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کورنگی محمد علی زیدی بھی موجود تھے۔

الیکشن کمشنر سندھ نے کہا کہ این اے 240 کے ضمنی انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں، کوئی بھی امیدوار سرکاری مشینری کا استعمال نہ کرے، انتخابی ضابطہ اخلاق پر سب کو عمل کرنا ہوگا، تمام امیدوار ایسے الفاظ اور نعروں سے بھی گریز کریں جس سے کسی کے جذبات مجروح ہونے کا امکان ہو۔

اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ عوام کو ان کی مرضی کے خلاف ووٹ ڈالنے کی کسی بھی کوشش پر سخت ایکشن لیا جائے گا، امیدوار الیکشن کمیشن کی دی گئی ہدایات پر مکمل عمل کریں، تمام سیاسی جماعتوں کے منتخب عوامی نمائندوں کو قانون کے مطابق حلقے میں آنے کی اجازت ہوگی۔

ریجنل الیکشن کمشنر کراچی اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سید ندیم حیدر نے کہا کہ عملے کو ڈیوٹی پر پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی کرلیا گیا، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے پولنگ اسٹیشنز کی نگرانی کی جائے گی۔