بلّیاں بالچھڑ پر دیوانہ وار کیوں جھپٹتی ہیں

جب بلی بالچھڑ کو توڑتی ہے تو اس میں سے کیڑے بھگانے والے طاقتور مواد کی بڑی مقدار خارج ہوتی ہے


ویب ڈیسک June 16, 2022
یہ جڑی بوٹی اپنے اندر نشہ آور خصوصیات رکھنے کی وجہ سے جانی جاتی ہے

بالچھڑ جس کو سُنبل الطیب بھی کہا جاتا ہے ایک ایسی جڑی بوٹی ہے جس پر بلی دیوانہ وار جھپٹتی ہے اور اس پر خوب لوٹتی ہے، چباتی ہے اور چاٹتی ہے۔

ایک نئی تحقیق میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ گوشت خور جانور ہونے کے باوجود بلی اس جڑی بوٹی کے لیے آخر کیوں دیوانی ہو جاتی ہے۔

جاپان کی اِیواٹے یونیورسٹی کے محققین کو تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ جب بلی بالچھڑ کو توڑتی ہے تو اس میں سے کیڑے بھگانے والے طاقتور مواد کی بڑی مقدار خارج ہوتی ہے۔ بلی کا یہ جارحانہ عمل اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ایسا کرنا اس کو کیڑوں سے تحفظ بخشتا ہے۔

یہ جڑی بوٹی اپنے اندر نشہ آور خصوصیات رکھنے کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔

ذہن متاثر کرنے والی یہ خصوصیت نیپیٹیلیکٹون نامی مرکب سے آتی ہے جس کا تعلق بلی کی ناک میں موجود سونگھنے کے لیے مختص ریسیپٹر سے ہے۔

یہ مرکب بلیوں کے اعصابی ردِ عمل کو متاثر کرتے ہیں۔ بلیاں عموماً اپنا جسم بالچھڑ پر ملتی ہیں، اس پر لوٹتی ہیں، چاٹتی ہیں اور حتی کہ چبا بھی لیتی ہیں۔

بلیاں بعض اوقات جب اس کو کھا لیتی ہیں تو ان پر نیند کی کیفیت طاری ہوجاتی ہے اور ان کے منہ سے رال ٹپکتی رہتی ہے۔

تحقیق کے رہنما مصنف ماساؤ میازکی کا کہنا تھا کہ مشہور میوزیکل تھیٹر 'کیٹس' میں بھی ایسے مناظر ہیں جس میں دِکھایا گیا ہے ایک بلی دوسری بلی کو بالچھڑ کے پاؤڈر سے مدہوش کرنے کرتی ہے۔