پرویز الہیٰ کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس؛ گورنر کے آرڈیننس کیخلاف قرارداد منظور

ویب ڈیسک  بدھ 15 جون 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)

(فوٹو: ٹوئٹر)

 لاہور: پنجاب اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے صوبائی وزیر داخلہ عطاء تارڑ کے خلاف تحریک استحقاق متفقہ طور پر منظور کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کی زیر صدارت اسمبلی اجلاس ہوا، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن اسمبلی ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایوان میں صوبائی وزیر داخلہ عطاء تارڑ کیخلاف تحریک استحقاق جمع کروائی۔

قراردار میں کہا گیا ہے کہ عطا تارڑ نے بجٹ کے روز جس قسم کے نازیبا اشارے کیے وہ خواتین کیلئے قابل قبول نہیں،غیر منتخب رکن کسی صورت ایوان میں نہیں آسکتا۔ انہوں نے بےہودہ اشارے کرکے خواتین کی توہین کی۔

رکن اسمبلی مومنہ وحید نے کہا کہ عطا تارڑ نے فحش اشاروں کے ذریعے ایوان کا تقدس پامال کیا، ایوان میں ایسی قانون سازی ہونی چاہیے کہ وہ دوبارہ یہاں کا رخ نہ کرسکیں۔

مزید پڑھیں: حکومت کا اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کو ہٹانے کا فیصلہ

پنجاب اسمبلی نے حکومت پنجاب کے جاری کردہ آرڈیننس کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ اسمبلی کی خودمختاری ختم کرنے کے آرڈیننس کے خلاف قرارداد راجہ بشارت نے پیش کی۔ پرویز الہی نے کہا کہ آج آرڈیننس کے ذریعے جو گند ڈالا گیا اسمبلی نے اس کے خلاف قرارداد منظور کرلی ہے۔

ایجنڈا مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔