لیاقت آباد سپر مارکیٹ  میں آگ پر قابو پالیا گیا کروڑوں کا سامان خاکستر

تقریباً 35 دکانیں آتش زدگی سے متاثر ہوئیں، حکومت سندھ نقصان کے ازالے کے لیے مدد کرے، متاثرین


ویب ڈیسک June 21, 2022
فائر بریگیڈ کے عملے نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا (فوٹو فائل)

ADELAIDE: لیاقت آباد کے علاقے کی سپر مارکیٹ میں کپڑے کی دکانوں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، تاہم آتش زدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کا کپڑا اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

ایکسپریس کے مطابق لیاقت آباد نمبر ساڑھے 8 کی سپر مارکیٹ میں پیر اور منگل کی درمیانی شب میزنائن فلور پر کپڑے کی دکانوں میں آگ لگی۔ جس کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں اور عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔آ ٓگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید ایک فائرٹینڈر اور پانی کی کمی کے پیش نظر 2 باؤزر موقع پر روانہ کیے گئے۔

آتش زدگی کے دوران متعدد دکان داروں نے جلتی دکانوں سے بچا ہوا کپڑا نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ بعد ازاں 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا۔متاثرین کے مطابق مارکیٹ میں تقریباً 35 کپڑے ، بیڈشیٹ اور کارپٹ وغیرہ کی دکانیں ہیں، جو آگ سے متاثر ہوئی ہیں اور مجموعی طور پر کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔

دکان داروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے متاثرین کی مدد کرے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گاڑیاں بروقت پہنچیں، یہی وجہ ہے کہ جلدی آگ پر قابو پالیا گیا۔ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہے ۔ آتش زدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔

مقبول خبریں