جاپان میں گرمی کا 147 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
ہیٹ ویو کے پیشِ نظر جاپان کی حکومت نے عوام سے کم بجلی استعمال کرنے کی درخواست کردی
جاپان میں جاری شدید ہیٹ ویو نے ملک میں شدید گرمی کا 147 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔
دارالحکومت ٹوکیو میں منگل کے روز دن ایک بجے درجہ حرارت 35.1 ڈگری سیلسیئس تک پہنچا جبکہ بدھ کے روز 37 ڈگری سیلسیئس متوقع ہے۔ 1875 میں جب سے موسم کا ریکارڈ کیا جانا شروع کیا گیا ہے یہ سب سے گرم ترین موسمِ گرما ہے۔
مقامی رپورٹس میں جاپانی محکمہ موسمیات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ٹوکیو میں اتوار تک پارے کا 34 ڈگری سیلسیئس سے نیچے اترنا متوقع نہیں ہے۔
ادارے کی جانب سے دارالحکومت میں جمعرات کو 36 ڈگری اور جمعے کو 35 ڈگری سیلسیئس کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شدید درجہ حرارت میں بجلی کی فراہمی میں دباؤ میں اضافہ ہوا ہے اور حکام اس بات پر فکر مند ہیں کہ ان کو ممکنہ طور بجلی کاٹنی پڑ سکتی ہے۔
جاپان کی حکومت نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ کم بجلی استعمال کریں۔
کابینہ کے ڈپٹی چیف سیکریٹری یوشی ہِیکو اِسوزکی نے ایک معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ حکومت نے لوگوں سے شام کے ابتدائی اوقات میں جس وقت ذخائر کم ہوتے جاتے ہیں، بجلی کم استعمال کرنے کا کہا ہے۔