ایس ایس پی ایسٹ نے دکانیں رات12 بجے بند کرنیکی ہدایت کردی

کھلی دکان اور ہوٹل کے مالکان کو پکڑ کر سامان ضبط کر لیا جائے، ایس ایس پی پیر محمد شاہ


Staff Reporter March 10, 2014
رات12بجے دکانیں بند ہونے سے شہریوں کو دودھ اور ناشتہ لینے میں دشواری کا سامنا۔ فوٹو: فائل

شہر میں امن و امان کے قیام کیلیے ایس ایس پی ایسٹ کے حکم پر پولیس نے شہر کو اندھیروں میں دھکیل دیا۔

رات بھر کھلی رہنے والی دکانیں اور ہوٹل پولیس رات12بجے بند کرا دیتی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے شہر میں لوٹ مار اور ڈکیتی کی وارداتوں کو روکنے کیلیے انوکھا طریقہ اپنا لیا، ایسٹ زون کے بیشتر علاقوں میں دیر رات تک کھلنے والی دکانیں پان کے کیبن اور ہوٹلز پولیس کی نگرانی میں رات12 بجے بند کرا دیے جاتے ہیں ، ایسٹ زون کے ایک پولیس افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے گلشن اقبال ، عزیز بھٹی اور مبینہ ٹاؤن تھانوں کے ایس ایچ اوز کی ہدایات دی ہیں کہ رات 12 بجے علاقے کی تمام چھوٹی بڑی دکانیں، ہوٹل اور پان کے کیبن بند کرا دیے جائیں تاکہ علاقے میں کسی قسم کی ڈکیتی یا بھتہ وصولی کی واردات ممکن ہی نہ ہو سکے، ( نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری)۔

انھوں نے ہدایات دیں ہیں پولیس پورے علاقے کو چیک کرے اور کھلی دکان اور ہوٹل کے مالک کو پکڑ لیا جائے، اس کا سامان ضبط کر لیا جائے اور اس سے مبینہ طور پر بھاری رقم وصول کی جائے تاکہ وہ پولیس کی رٹ کو دوبارہ چیلنج کرنے کی کوشش نہ کرے، ذرائع نے بتایا کہ گلی کوچوں میں قائم ایک دو چائے کے ہوٹل اور پان سگریٹ کے کیبن کے مالکان سے مبینہ طور پر رشوت وصول کر کے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے، رات12بجے دکانیں بند ہونے سے شہریوں کو دودھ ، ڈبل روٹی اور ناشتے کا دیگر سامان لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔